ہیملٹن ۔ 26 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فائنل میں اپنی جگہ کو پکی کرتے ہوئے پراعتماد ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم پست حوصلہ جاپان کے خلاف اپنے آخری میچ میں جیت کے سلسلے کو جاری رکھے گی ۔ نیوزی لینڈ پر 5-4 اور اعلیٰ رینکنگ والی بیلجیم پر 3-2 کی کامیابی کے ساتھ ہندوستان ابھی تک ٹورنمنٹ میں کوئی بھی میچ نہیں ہاری ۔ اپنے پہلے مقابلے میں ہندوستان نے جاپان کو یکطرفہ 6-0 سے شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کے بعد ہیڈ کوچ سجورڈ مارجن نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کھلاڑی اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کریں اور جاپان کے خلاف اس پہلو پر مشق کریں۔ بیلجیم کے خلاف نتیجہ ہندوستان کا غیرمعمولی مظاہرہ کا نتیجہ تھا جہاں آخری لمحہ میں گول بناکر ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ بلجیم کے خلاف ہندوستان نے اپنے کپتان من پریت سنگھ کو آرام دیا تھا جس پر کوچ نے کہاکہ ہم انھیں جان بوجھ کر آرام دیا تھا تاکہ دوسرے کھلاڑی کو اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع مل سکے۔ ہندوستان فی الحال چھ نشانات کے ساتھ گروپ میں سب سے اوپر ہے جس کے بعد میزبان نیوزی لینڈ اور بلجیم بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر فائز ہیںلیکن ہندوستان کو ہفتہ تک انتظار کرنا پڑے گا تاکہ نیوزی لینڈ اور بلجیم کے درمیان مقابلے کی فاتح ٹیم کے بعد فائنل کی حریف معلوم ہوسکے ۔