ناقابل تسخیر ہندوستان کاآج پاکستان سے مقابلہ

دوبئی؍ ابوظہبی۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ 2018ء کے سوپر 4 کے مقابلہ میں کل ناقابل تسخیر ہندوستان کا مسائل سے پریشان پاکستان سے مقابلہ ہوگا اور شائقین کو اُمید ہے کہ یہی دو ٹیمیں خطابی مقابلہ میں تیسری مرتبہ بھی ٹکرائیں گی، نیز فائنل سے قبل یہ ایک اور فائنل مقابلہ ہوگا۔ ہندوستان نے پہلے کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کو مقابلے کے تمام شعبوں میں بے بس کرتے ہوئے اسے 162 رنز پر ڈھیر کیا تھا جس میں بابر اعظم (47) اور شعیب ملک (43) رنز اسکور کئے تھے جس سے پاکستانی ٹیم مکمل تباہی سے بچ گئی لیکن نشانہ کے تعاقب میں پاکستانی بولرس بھی ہندوستانی بیٹسمینوں کے خلاف بے بس ہوئے جیسا کہ ہندوستانی ٹیم نے 29 اوورس میں ہی صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز اسکور کرتے ہوئے گیندوں کے اعتبار سے حریف ٹیم کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ اس مقابلے میں کارگذار کپتان روہت شرما نے 52 رنز بنانے کے علاوہ پہلی وکٹ کیلئے شکھر دھون کے ہمراہ 86 رنز کی پارٹنرشپ بھی نبھائی۔ کپتان روہت شرما کے علاوہ ہندوستانی ٹیم شاندار فام میں ہے جس نے ٹورنمنٹ میں تاحال کسی بھی شعبہ میں غلط قدم نہیں اُٹھایا ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم جو کہ ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل زمبابوے اور اس سے قبل چمپینس ٹروفی میں ہندوستان کو شکست دے کر بلند حوصلوں کے ساتھ ہندوستان سے پہلا مقابلہ کیا تھا لیکن بھونیشور کمار نے اس کے ریکارڈ ساز اوپنرس فخر زماں اور امام الحق کو 3 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی پویلین لوٹا دیا۔ فخر زماں جوکہ ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل شاندار فام میں تھے، لیکن اچانک وہ دو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں جس سے کھیل کا اعتماد فی الحال کافی پست ہے۔ اوپنرس کے علاوہ پاکستان کیلئے فیلڈنگ کا مسئلہ بھی تشویشناک ہے جیسا کہ افغانستان کے خلاف گزشتہ مقابلے میں اس کے کھلاڑیوں نے 5 کیچس چھوڑے۔ پاکستان کیلئے اہم بولر محمد عامر کا وکٹیں حاصل نہ کرنا بھی کپتان سرفراز کیلئے تشویش کا باعث ہے جس کا انہوں نے اظہار بھی کیا۔ افغانستان کے خلاف محمد عامر کو آرام دیا گیا تھا اور امید ہے کہ ہندوستان کے خلاف بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹیم میں واپسی کریں گے۔ دونوں ٹیموں نے چند ایک تبدیلیاں ممکن ہیں ۔