بیدر ۔ 28 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع بیدر میں واقع ناقابل استعمال کھلے بورویلس کو فی الفور بند کرنے کیلئے مناسب اقدامات کرنے بیدر ضلع انچارج سکریٹری ڈاکٹر وی وی رمن ریڈی نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضلع پنچایت ایگزیکٹیو انجینئر پنچایت راج انجینئرنگ ڈیویژن کے علاوہ تمام تعلقہ ایگزیکٹیو آفیسرس اور گرام پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسرس کو یہ ہدایت دی ۔ ضلع پنچایت آفس میں مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے رمن ریڈی نے بتایا کہ ناقابل استعمال کھلے بورویلس نقصاندہ ثابت ہوسکتے ہیں اس لئے ان کو فوراً بند کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ پنچایت راج انجینئرنگ ڈیویژن کے ایگزیکٹیو انجینئر جگدیش نائیک نے میٹنگ میں بتایا کہ سی آر ای ڈی کی جانب سے ضلع کے دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی کیلئے جملہ 4189 بورویل ڈریل کئے گئے تھے ان میں 3175 بورویل سے پینے کا پانی سپلائی کیا جارہا ہے جبکہ 1043 بورویل ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ ان میں 940 بورویلس میں کی سنگ پائپ رکھا گیا ہے ۔ انہیں بند کیا گیا ہے ۔ 73 بورویلس سے کی سنگ پائپ نکالنے کا کام انجام دیا جارہا ہے ۔ ضلع بھر میں اب تک 53 بورویلس بند کئے گئے ہیں ۔ ماباقی 20 بورویلس کو بند کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضلع پنچایت مسٹر اجول کمار گھوش نے میٹنگ میں بتایا کہ ضلع کے تمام تعلقہ پنچایت حدود میں حکومت کی جانب سے اور خانگی طور پر ڈریل کئے گئے ناکام بورویلس کی رپورٹ پیش کرنے تمام تعلقہ پنچایت ایگزیکٹیو آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے ۔ نرمل بھارت اسکیم کے تحت ضلع میں 15 ہزار بیت الخلاء تعمیر کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا ۔ لیکن 11 ہزار بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں اس سال 28 ہزار بیت الخلاء تعمیر کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ان میں 5 ہزار بیت الخلاء کی تعمیر کے کام مکمل ہوئے ہیں ۔ 4 ہزار بیت الخلاء کے تعمیری کام زیردوران ہیں ۔ میٹنگ میں نرمل بھارت اسکیم کے نوال آفیسر گوتم ارلی نے یہ بات بتائی، ضلع انچارج سکریٹری رمن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال دیئے گئے نشانے کو مکمل کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ ضلع کے طلباء کے نتائج میں بہتری لانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تعلق سے بھی انہوں نے رپورٹ حاصل کی جس کا جواب دیتے ہوئے محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع میں ایس ایس ایل سی امتحان میں نتائج میں اضافہ کرنے کیلئے محکمہ تعلیمات کی جانب اس مرتبہ ایس ایس ایل سی طلباء کیلئے تربیت دینے کا پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ۔ میٹنگ میں ڈسٹرکٹ بیاکورڈ کلاس محکمہ کے مسائل پر بھی ڈسٹرکٹ آفیسر وینکٹیش نے تفصیلات پیش کئے اور بتایا کہ محکمہ میں ملازمین کی کمی کے سبب پروگرامس پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے رمن ریڈی ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیر محکمہ بیاکورڈ کلاسیس اور اقلیتی محکمہ حدود میں آنے والے اہم مسائل پر رپورٹ تیار کر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے توسط سے پیش کرنے کی ہدایت دی ، کیونکہ محکمہ کے کمشنر سطح پر بات چیت کر کے انہیں حل کیا جائیگا ۔