ناشتہ کریں اور دل کے دورے سے بچیں

ہم اپنے بزرگوں سے سنتے آئے ہیں کہ صحت مند رہنے کیلئے صبح کا ناشتہ بہت ضروری ہے۔ لیکن نئی تحقیق میں ناشتہ کی افادیت کی ایک اہم وجہ بتائی گئی ہے کہ ناشتہ ہمارے دل کی صحت کیلئے بہت مفید ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے صبح کا ناشتہ چھوڑنے کی عادت رکھنے والے مَردوں میں دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کی رائے میں صبح کا ناشتہ چھوڑنا اور رات میں دیر سے کھانا کھانا ہمارے جسم کے میٹابولزم میں تبدیلیاں پیدا کرتا ہے جس سے ہارٹ کی بیماری کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ناشتہ چھوڑنے سے دل کے دورے کا خطرہ 27گنا بڑھ جاتا ہے ۔تحقیق میں پابندی سے صبح کاناشتہ کرنے والوں میں دن بھر میں ایک اضافی کھانا کھانے کی عادت نظر آئی۔ نسبتاً ان لوگوں کے جو صبح کا ناشتہ چھوڑ دیتے ہیں جبکہ جو لوگ ناشتہ نہیں کرتے وہ دن بھر کے کھانوں سے بھی ناشتے جیسی غذائیت حاصل نہیںکرپاتے ہیں۔ صحت کے حوالے سے یہ دیکھنا بہت ضروری ہے کہ کیا کھایا جائے لیکن یہ بھی بہت ضروری ہے کہ خوراک کو دن بھر کے مختلف اوقات میں تقسیم کرکے کھایا جائے۔