نئی دہلی ۔27نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر فلپ ہیوز باؤنسر سے زخمی ہونے کے بعد آج دواخانہ میں انتقال کرگئے ہیں لیکن 50برس قبل ایسا ہی ایک واقعہ ہندوستان کے سابق کپتان ناری کنٹراکٹر کے ساتھ بھی ہوچکاہے ۔ ناری کنٹراکٹر کو دورہ ویسٹ انڈیز موقع پر باربادوز میں پریکٹس مقابلہ کے دوران ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر چارلی گرفت کا باؤنسر سرپر لگا تھا اور وہ شدید زخمی ہوئے تھے ۔ اس حادثہ کے بعد سر کے فریکچر کے علاج کیلئے ایک دھاتی پلاٹ ان کے سر میں نصب کی گئی ہے ۔ناری نے اس واقعہ کے بعد بین الاقوامی مقابلہ کبھی نہیںکھیلابلکہ وہ صرف فرسٹ کلاس کرکٹ ہی کھیلتے رہے ۔ ہیوز اور ناری کے ستاھ تقریباً ایک ہی عمر میں ایک جیسا واقعہ ہی پیش آیا ہے ۔ ممبئی مرر کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں ناری نے اس تعجب کا اظہار کیا کہ ہیلمٹ کے استعمال کے باوجود بیٹسمین کا اس طرح زخمی ہونا حیران کن ہے ۔ 1962ء میں ناری کے ساتھ بھی ایسا واقعہ پیش آیا ‘ جس پر انہوں نے کہا کہ ہیوز کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ کافی غمگین اور بدقسمت ہے ۔ انہوں نے آسٹریلیائی نوجوان کھلاڑی سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔