نارسنگی میں 6 ماہ کی دلہن کی خودسوزی

حیدرآباد /3 فروری ( سیاست نیوز ) نارسنگی کے علاقہ میں ایک 6 ماہ کی دلہن نے خودسوزی کرلی ۔ بتایا جاتا ہیکہ شوہر کی ہراسانیوں اور اذیت رسانی سے تنگ آکر اس خاتون نے انتہائی اقدام کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ وناجہ جو خانہ پور علاقہ کے ساکن نوین کی بیوی تھی ۔ اس نے کل دوپہر اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ وناجہ کی شادی سال 2014 میں ہوئی تھی ۔ شادی کے وقت متوفی خاتون کے باپ نے 10 تولہ طلائی زیورات 20 تولہ چاندی 50 ہزار نقد رقم موٹر سائیکل اور ضروریات گھریلو ساز و سامان دیا تھا ۔ شادی کے چند ماہ بعد ہی سے لالچی نوین اپنے دلہن کو پریشان کرنے لگا اور زائد جہیز کیلئے اسے ہراساں و پریشان کرتا تھا ۔ جس سے تنگ آکر خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس نارسنگی مصروف تحقیقات ہے۔