نارسنگی میں دوہرے قتل کی سنگین واردات

حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ نارسنگی میں دوہرے قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں نا معلوم قاتلوں نے ایک ضعیف جوڑے کا قتل کرنے کے بعد ان کے مکان کو لوٹ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سائی ہرشا کالونی گیٹیڈ کمیونٹی میں 65 سالہ سہادھری اور 60 سالہ سلوچنا میاں بیوی رہتے تھے ۔ آج شام ان کے مکان پر تین اجنبی افراد آئے جو ایک آٹو میں سوار تھے ۔ یہ تینوں مکان میں داخل ہوگئے اور دونوں میاں بیوی پر حملہ کردیا ۔ اس قاتلانہ حملہ میں پولیس ذرائع کے مطابق میاں بیوی دونوں ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کے مکان سے طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرلیاگیا ۔ سمہا دھری ریٹائرڈ سرکاری ملازم تھا جو پرینٹنگ پریس چنچل گوڑہ میں کام کرتا تھا اور اس کی بیوی سلوچنا ریٹائرڈ ٹیچر تھی ۔ ان کے دو بیٹے ہیں ۔ پولیس نارسنگی نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔