نارتھ زون میں سارقین و رہزنوں کی 9ٹولیاں گرفتار

مسروقہ اشیاء ضبط، کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) نارتھ زون پولیس نے رہزنوں، سارقین اور دھوکہ بازوں کی 9 ٹولیوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوپالا پورم پولیس نے گنٹہ اشوک نامی شخص کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کیا تھا جس میں بتایا گیا کہ اس کے مکان کے قریب پارک کی ہوئی ٹی وی ایس موٹر سیکل نامعلوم افراد نے سرقہ کرلیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغازکیا تھا اور موٹر سیکل کے سرقہ میں ملوث پلمبر داسری وینکٹیش اور اس کے دو ساتھیوں شیخ سلمان اور منی کنٹھا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کہا کہ مذکورہ افراد نے سرقہ کے بعد موٹر سیکل کو نذر آتش کردیا تھا۔ اسی طرح بیگم پیٹ پولیس کی کرائم ٹیم نے مکان میں سرقہ کرنے والے پینٹر کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ مکیش لال راجپوت ساکن رسول پورہ بیگم پیٹ پیشہ سے پینٹر ہے اور اس نے 4 نومبر کو پائیگاہ کالونی میں مقفل مکان کو نشانہ بناتے ہوئے وہاں سرقہ کیا اور واردات میں اس نے طلائی زیورات اور قیمتی ساڑیوں کا سرقہ کرلیا۔ پولیس نے گرفتار سارق کے قبضہ سے طلائی زیورات ، نقد رقم کے علاوہ دیڑھ لاکھ مالیتی قیمتی ساڑیاں برآمد کرلی۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں بیگم پیٹ پولیس نے ایک 33 سالہ شخص عبدالحق بن سالم ساکن اندراماں نگر رسول پورہ کو گرفتار کرلیا جس نے ایک مکان میں نقد رقم کا سرقہ کیا تھا۔ انجنی کمار نے کہا کہ مونڈا مارکٹ پولیس نے بدنام زمانہ ایرانی ٹولی کے ایک رکن جاوید علی کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ طلائی چین برآمد کرلی۔ کمشنر نے کہا کہ جاوید علی عرف عمیان علی متوطن ایرانی کالونی بیدر کرناٹک نے 13 ستمبر کو پریم راج شانتی لال جیولرس میں داخل ہوکر طلائی چین کا سرقہ کیا تھا۔ کمشنر نے کہا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے سارق کی شناخت کی گئی اور اسے گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں بیگم پیٹ پولیس نے موٹر سیکل کے سرقہ میں ملوث 35 سالہ شیخ اکبر ساکن گورنمنٹ کوارٹرس بیگم پیٹ کو گرفتار کرلیا جس نے ایکٹوا گاڑی کا سرقہ کیا تھا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے نقد رقم اور مسروقہ موٹر سیکل برآمد کرلی۔