نارتھن نائیٹس کا آج کیپ کوبراس سے مقابلہ

رائے پور۔18ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام)بلند حوصلوں کی حامل نیوزی لینڈ کی ٹیم نارتھن نائٹس جس نے طاقتور ممبئی انڈینس کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں حیران کن شکست سے دوچار کی ہے وہ کل جنوبی افریقی ٹیم کیپ کوبرا س سے گروپ بی میں اپنے افتتاحی مقابلے کیلئے تیار ہیں ۔ کیپ کوبرا س جو کہ چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20ٹورنمنٹ میں آخری مرتبہ نظرآئی تھی جس نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ رواں ٹورنمنٹ میں بھی یہ ٹیم خطاب کیلئے مضبوط دعویداروں میں شامل ہیں لیکن ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل زخمی کھلاڑیوں کے مسائل پیدا ہوچکے ہیں ۔ اہم کھلاڑی جے پی ڈومینی زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں جو

کیپ کوبرا کیلئے ایک بڑادھکہ ہے کیونکہ اس تجربہ کار کھلاڑی کا حقیقی متبادل موجود نہیں ہے ۔ دوسری جانب نارتھن نائٹس کیلئے بھی یہ بری خبر ہے کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ٹیم کے ناقابل تسخیر موقف کو برقرار رکھنے میں کلیدی رول ادا کرنے والے بیٹسمین کین ولیمسن بھی زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں ۔ کوبراس کیلئے اصل چیلنج یہاں کے حالات اور وکٹوں سے ہم آہنگی ہے ۔اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان جسٹن اون ٹوم نے کہا کہ ہم کس طرح دباؤ میں مظاہرہ کرتے ہیں اور بحیثیت ٹیم کامیاب ہوتے ہیں یہ اہم ہوگا ۔کپتان نے مزید کہا کہ ڈومینی کی عدم موجودگی میں تجربہ کار ہاشم آملہ کلیدی کھلاڑی ہونے کے علاوہ ٹیم میں رابن پیٹرسن بھی موجود ہیں ۔بولنگ شعبہ میں ورنان فیلنڈر اور روری کلین ویلڈیڈ اہم نام ہیں ۔