ناراض رونالڈو ریئل میڈرڈسے علحدگی کے خواہاں

میڈرڈ ۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مشہور پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈر اسپینی کلب ریئل میڈرڈمیں خوش نہیں ہیں وہ جلد ہی معاہدہ منسوخ کرنے کا ارادہ کرچکے ہیں۔انگلش کلب مانچسٹریونائٹیڈ نے ریئل میڈرڈسے رو نالڈو کو 55ملین پاونڈس میں خریدنے کی پیشکش کی ہے۔ حال ہی میں ریئل میڈرڈ کو خیرباد کہتے ہوئے انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے ریکارڈ معاہدہ کرنے والے ارجنٹینا اسٹرائیکر اینجل ڈی ماریا نے بھی کہا ہے کہ رونالڈواپنے کیرئر کے بدترین مرحلے سے گذررہے ہیں۔ ان کا خیا ل ہے کہ رونالڈو اسپینی کلب میں قطعی خوش نہیں ہیں۔ڈی ماریا اوررونالڈو گہرے دوست ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کا ایجنٹ بھی ایک ہے۔ تاہم ڈی ماریا کا کہناہیکہ ہوسکتا ہے کہ رونالڈوجلد ہی کلب کو خیر باد کہہ دیں۔ اس حوالے سے رونالڈو نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ مانچسٹر یونائٹیڈ سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔یہ سب جانتے ہیں کہ مجھے مانچسٹر یونائٹیڈ سے محبت ہے کیونکہ میرے بہت سارے دوست انگلش کلب کی جانب سے کھیلتے ہیں۔وہاں کے شائقین بھی بہت زبردست ہے۔ میری خواہش ہے کہ میںدوبارہ مانچسٹر یونائٹیڈ کی نمائندگی کرسکوں۔ واضح رہے رونالڈواس وقت مہنگے ترین کھلاڑیوں میں سرفہرست نہیں رہے جبکہ ان کے سابق ساتھی کھلاڑی ڈی ماریا اس وقت سب سے مہنگے فٹبالر ہیں۔ ریڈومیل فلکائو اور انگلینڈ کے وین رونی بھی رونالڈو سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔وین رونی نے رواں سال 3لاکھ یورو میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے معاہدہ کیا ہے۔