سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی جانچ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ /20 مئی (سیاست نیوز) نارائن گوڑہ علاقے میں پیش آئے ایک واقعہ میں نامعلوم افراد نے ایک واچ مین کا قتل کردیا ۔ پولیس کے بموجب 35 سالہ منی سوامی جو پیشہ سے واچ مین تھا کی نعش آج اس کے مکان واقع اسٹریٹ نمبر 1 نارائن گوڑہ میں خون میں لت پت پائی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول جو عادی شرابی تھا کی نعش کو زخمی حالت میں دیکھ کر اس کے پڑوسیوں نے پولیس کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں پولیس نارائن گوڑہ کی ٹیم وہاں پہونچ کر سٹی پولیس کے سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو طلب کرلیا ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ واچ مین کے مکان کا دروازہ کھلا ہوا تھا اور اس کی نعش خون میں لت پت پائی گئی ۔ کلوز ٹیم نے مقام واردات کا معائنہ کرنے پر منی سوامی کے سر اور جسم پر ضربات کے نشان پائے ۔ پولیس نے خاطیوں کی تلاش کیلئے ڈاگ اسکواڈ کا بھی استعمال کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ واچ مین جو نشہ کی حالت میں تھا پر نامعلوم افراد نے حملہ کرکے اس کا قتل کیا ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرتے ہوئے اس کا تجزیہ شروع کردیا ۔