حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز) نارائن گوڑہ پولیس نے بیوٹی پارلر کی ملازمہ کی اجتماعی عصمت ریزی سے متعلق ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حمایت نگر اسٹریٹ نمبر 15 کی ساکن 22 سالہ لڑکی جس کا تعلق دارجلنگ سے بتایا جاتا ہے سکندرآباد کے ایک بیوٹی پارلر میں ملازمت کرتی ہے تو کل رات اس کے ایک قریبی دوست ماجد عرف پپو اور دیگر 6 ساتھیوں نے مبینہ طور پر اجتماعی عصمت ریزی کی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ نارائن گوڑہ پولیس کو عصمت ریزی کی کل رات شکایت موصول ہونے پر ڈیوٹی پر موجود نارائن گوڑہ کی ڈیٹکٹیو انسپکٹر مسٹر بی لکشمی نارائن ریڈی نے متاثرہ لڑکی کا بیان قلمبند کیا اور بعدازاں پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا ۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن کی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس شریمتی پرسنا رانی نے لڑکی کو سلطان بازار زچگی خانہ منتقل کر کے اس کا طبی معائنہ کروایا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ لڑکی نے ماجد اور اس کے 6 ساتھیوں پر الزام عائد کیا کہ شہر کے ایک پارک میں اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی ۔ اس شکایت کے بعد 7 نوجوانوں کو پولیس نے حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ طبی معائنے کی رپورٹ کے بعد ہی اس کیس میں مزید کارروائی کی جائے گی۔