انسٹرکٹرس کی بھرتی کے لئے رکن پارلیمنٹ و رکن اسمبلی سے نمائندگی کی خواہش
نارائن کھیڑ /23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ میں پانچ منڈل نارائن کھیڑ، کنگٹی، کلہیر، شنکرم پیٹ اور منور ہیں۔ نارائن کھیڑ منڈل میں دو اردو میڈیم ہائی اسکولس کام کر رہے ہیں۔ گورنمنٹ ہائی اسکول اور ضلع پریشد گرلز ہائی اسکول، گورنمنٹ ہائی اسکول میں 12 سال سے فزیکل سائنس اسکول اسسٹنٹ کی جائداد مخلوعہ ہے، جب کہ ریاضی کی جائدادیں 6 سال سے خالی ہیں۔ طلبہ کا شدید نقصان ہو رہا ہے، والدین فکر مند ہیں۔ اسی طرح سے گرلز ہائی اسکول میں فزیکل سائنس، اردو اسکول اسسٹنٹ اور سماجی علم کی جائدادیں مخلوعہ ہیں۔ نارائن کھیڑ منڈل کے چار پرائمری اسکولس، گرلز اسکول، مارواڑی گلی اسکول، درگاہ گلی اسکول، نظام پیٹ ان اسکولس میں خاطر خواہ طلبہ و طالبات کی تعداد ہے، لیکن اساتذہ کا معقول انتظام نہیں ہے، جس سے بنیادی سطح پر تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ کنگٹی منڈل میں ایک اپر پرائمری اسکول تڑکل میں کام کر رہا ہے، جس میں صرف ایک ٹیچر کام کر رہی ہے، جب کہ کئی اساتذہ کی شدید ضرورت ہے۔ اسی طرح کلہیر منڈل میں ایک یو پی ایس سرگاپور میں صرف ایک ٹیچر سے چل رہا ہے۔ تین پرائمری اسکول، کلہیراور کڑپل میں چل رہے ہیں، جہاں اساتذہ کی کمی ہے۔ اور شنکرم پیٹ میں بھی ایک یو پی ایس چل رہا ہے، وہ صرف ایک مستقل ٹیچر سے چل رہا ہے، جب کہ منور منڈل میں ولور، رائے پلی، کشوار اور یلگوئی چار پرائمری اسکولس چل رہے ہیں اور صرف رائے پلی اور ولور میں ہی ایک ایک مستقل ٹیچر ہے، اس طرح سے کسی بھی اسکول میں مطلوبہ تعداد اور مطلوبہ مضمون واری اساتذہ نہیں ہیں۔ حکومت تلنگانہ سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ اردو میڈیم مدارس پر توجہ دے گی اور مسلمانوں سے ہمدردی و انصاف کرے گی۔ اس ضمن میں آئیٹا آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن یونٹ نارائن کھیڑ کے صدر جناب محمد سراج احمد، سکریٹری جناب محمد وسیم، خازن محمد چاند پاشاہ، میڈیا سکریٹری جناب محمد ایاز علی اور ارکان عاملہ کے دیگر ذمہ داران نے نارائن کھیڑ حلقہ اسمبلی کے رکن مسٹر کشٹا ریڈی، رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل کے علاوہ دیگر سماجی و سیاسی تنظیموں کے ذمہ داران سے خواہش کی ہے کہ ارباب مجاز سے مؤثر نمائندگی کرکے فی الفور اکیڈمک انسٹرکٹرس کے تقررات کروائیں، کیونکہ تعلیمی سال کا آغاز ہوئے 6 ماہ کا عرصہ ہو چکا ہے، مزید تاخیر سے شدید نقصان ہوگا۔