نارائن پیٹ گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ میں غیر سماجی سرگرمیاں

نارائن پیٹ۔/25مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ گورنمنٹ جونیر کالج کا وسیع و عریض گراؤنڈ صبح سویرے چہل قدمی کرنے اور کھیلوں کے لئے قلب شہر میں واقع بہتر مقام ہے، یہاں آئے دن ٹورنمنٹ اور کھیل کود اور اسپورٹ مقابلوں کا انعقاد بھی عمل میں لایا جارہا ہے روزانہ یہاں بوڑھے، جوان، مرد و خواتین طلباء و طالبات مارننگ واک کے لئے آتے ہیں۔ لیکن بلدیہ کی جانب سے صفائی کے ناقص انتظام کے سبب یہ گندگی اور تعفن سے بھرا رہتا ہے۔ رات دیر گئے تک اس گراؤنڈ میں غیر سماجی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ شراب نوشی کے بعد خالی بوتل وہیں چھوڑ کر چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے گراؤنڈ میں جابجا ٹوٹے ہوئے شیشے اور کانچ پڑی رہتی ہے۔ جو کھیل کود کرنے والے اور چہل قدمی کرنے والوں کے لئے تکلیف کا باعث بن جاتی ہیں۔ اس سلسلہ میں سب انسپکٹر پولیس مسٹر راما لنگا ریڈی کو توجہ دلائی گئی اور صاف صفائی کے لئے کمشنر بلدیہ مسٹر سمیا سے بھی نمائندگی کی گئی جو بے سود ثابت ہوئی۔ ارباب مجاز محکمہ پولیس اور بلدیہ سے عوام کی اپیل ہے کہ اس قلب شہر میں واقع وسیع و عریض کھیل کے میدان کو عوام کیلئے کارآمد بنائیں اور غیر سماجی عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔