نارائن پیٹ۔ 16 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل، نارائن پیٹ کے درج چہارم، کنٹراکٹ ملازمین نے اپنے دیرینہ مطالبات کی تکمیل کے لئے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کا کل سے آغاز کردیا ہے۔ سی آئی ٹی یو، ملازمین کی یونین کی جانب سے ایریا ہاسپٹل کے روبرو ہڑتالی کیمپ میں جملہ 18 ملازمین نے ہڑتال کردی ہے۔ ان کے مطالبات میں ملازمت کو مستقل کرنا، جی او کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی، تمام سرکاری ملازمین کی طرح مراعات شامل ہیں۔ مسٹر بالرام، سی آئی ٹی یو، ضلع سیکریٹری نے سیاست نیوز کو بتایا کہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل نارائن پیٹ کے کنٹراکٹ ملازمین کو 6 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئی ہیں جس کے سبب یہ ملازمین سود پر قرض حاصل کرتے ہوئے گھر کے اخراجات چلا رہے ہیں۔ جی او کے مطابق انہیں 6,700 روپئے ماہانہ تنخواہ دی جانی چاہئے لیکن انہیں صرف 4,030 روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ ایریا ہاسپٹل نارائن پیٹ کے کنٹراکٹ ملازمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا آر ڈی او نارائن پیٹ محترمہ سورنا لتا نے دورہ کیا اور انہیں تیقن دیا کہ ان کے مطالبات کی یکسوئی کیلئے محکمہ ہیلتھ کے عہدیداروں کو توجہ دلائی جائے گی۔ اس موقع پر کنٹراکٹ ملازمین کے صدر مسٹر بالیا، سیکریٹری ونکٹیا کے علاوہ سبھاش، ستماں، مہیشوری، لکشمی اور دیگر ملازمین موجود تھے۔ ان ملازمین نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وہ 2002ء سے جبکہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کی گئی تھی، اس ہاسپٹل میں کنٹراکٹ بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔