نارائن پیٹ۔/16 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع محبوب نگر میں ایک اور نئے ضلع کی تشکیل کے بعد یہاں مستقر پر ضلع کلکٹر اور ایس پی دفاتر و دیگر محکمہ جات کے دفاتر کیلئے اراضی کی تلاش میں محکمہ مال کے عہدیدار مصروف ہیں۔ نارائن پیٹ مستقر یا مضافاتی علاقہ میں تقریباً 50 ایکر اراضی کی ضرورت ہے جو ایک ہی جگہ واقع ہے کیونکہ ضلع کلکٹریٹ سے متعلقہ تمام دفاتر کو ایک ہی مقام پر تعمیر کی جاسکے۔ نارائن پیٹ ضلع کی تشکیل کیلئے عوامی اعتراضات کیلئے حکومت کی جانب سے ایک ماہ کا موقع فراہم کیا گیا تھا جس کا وقت یکم فبروری کو ختم ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ہی مجوزہ ضلع نارائن پیٹ کی تشکیل کی راہ ہموار ہوجائے گی اور کرایہ کی بڑی عمارات عارضی دفاتر کی کشادگی کیلئے تلاش کی جارہی ہے۔ توقع ہے کہ ضلع کلکٹریٹ اور ایس پی دفاتر سب سے پہلے عارضی عمارتوں میں ہی کارکرد ہوں گی۔ 50 ایکر راضی کی تلاش، یادگیر شاہراہ محبوب نگر و مکتھل شاہراہوں پر تلاش کی جارہی ہے۔ اراضی کے سروے کیلئے تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اراضی کی تلاش کے علاوہ کرایہ کی عمارات کی بھی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔