نارائن پیٹ میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ

نارائن پیٹ۔/22اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ٹاؤن میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ کے سبب عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ نارائن پیٹ ٹاؤن میں آوارہ کتوں کی بہتات ہوگئی ہے۔ صفائی کے ناقص انتظامات اس کا اہم سبب ہے۔ جابجا کچرے کے ڈھیروں میں آوارہ کتے غذا کی تلاش میں رات دن سرگرداں رہتے ہیں بالخصوص رات کے اوقات میں گلی کوچوں میں غول کے غول نظر آتے ہیں جو راہروؤں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ اکثر ان آوارہ کتوں کا شکار ضعیف افراد اور بچے اور خواتین بنتی ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کتے کے کاٹنے کے کئی واقعات پیش آئے۔ گزشتہ روز ایک دن میں 8افراد جن میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں کتوں نے کاٹ لیا جنہیں مقامی گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں مرہم پٹی کی گئی اور اینٹی رابس ویاکسن انجکشن لگائے گئے۔ ارباب مجاز بلدیہ نارائن پیٹ سے عوام کا مطالبہ ہے کہ آوارہ کتوں کی سرکوبی کیلئے مہم شروع کی جائے اور صفائی کے انتظامات میں بہتری پیدا کی جائے۔