نارائن پیٹ میں میلاد پیاکیج کی تقسیم

نارائن پیٹ ۔ 2جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) الامداد زکوۃ سوسائٹی نارائن پیٹ کے زیراہتمام میلادالنبیﷺ کے موقع پر غریب اور بیوہ خواتین میں میلاد پیکیج کی تقسیم عمل میں آئی ۔ بعد ازاں ایک تقریب میدان جامع مسجد پر منعقد ہوئی ۔ تقریب کی سرپرستی سید شاہ غیاث الدین قادری( سجادہ نشین درگاہ تقی باباؒ) نے کی اور صدارت الحاج احمد میراں محی الدین تاج ( موظف انجنیئر انچیف آندھراپردیش) نے کی ۔ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سید شاہ جلال حسینی اشرفی( سجادہ نشین درگاہ کولم پلی) سید شاہ ہدایت اللہ قادری( سجادہ نشین گلبرگہ شریف) ‘ سید شاہ محسن احمد قادری( سجادہ نشین دادے شاہ پیرؒ)‘ مولانا محمد فیاض الدین نظامی ‘ محمد عبدالمقتدر مجاہد( ایم سی اے لکچرر) ‘ محمود حسین رائچوری نے شرکت کی ۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر رمضان المبارک اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر اشیاء ضروریہ کے پیاکیج کی تقسیم عمل میں آتی ہیں ‘ تاہم میلادالنبیﷺ کے موقع پر الامداد زکوٰۃ سوسائٹی کی جانب سے اشیائے ضروریہ جیسے آٹا ‘ چاول ‘ میٹھا تیل کے علاوہ بلانکٹس کی تقسیم قابل تقلید عمل ہے ۔ مہمان حضرات نے الامداد زکوٰۃ سوسائٹی کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ غریب ‘ یتیم و ناداروں کی امداد کرنا افضل عمل ہے ۔ اس موقع پر سوسائٹی کی جانب سے تقریباً 300افراد میں میلاد پیکیج تقسیم کئے گئے اور سوسائٹی کے زیراہتمام علاج و معالجہ ‘ شادی بیاہ کیلئے 2خواتین میں فی کس 5ہزار کے حساب سے 10 ہزار روپئے نقد صدر سوسائٹی کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے ۔ تقریب کی نگرانی الحاج محمد رفیق چاند ( صدر جامع مسجد) نے کی ۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز مدرسہ دارالعلوم دینیہ جامع مسجد کے طالب علم محمد غوث انپور کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔اس موقع پر غلام محی الدین چاند ‘ محمد شفیع چاند ‘ محمد غوث لنگسال ‘ عبدالرؤف چاند ‘ محمد یسین ‘ تاج الدین ٹنگلی ‘ عبدالکریم ‘ عبدالقادر بچھو‘ خلیل احمد تاج ‘ علیم الدین چاند ‘ ڈاکٹر منیر الدین ‘ محمد یوسف رنگریز‘ محمد ذاکر ہزاری ‘ ایوب سنڈکے ‘ محمد تقی خرادی ‘ عبدالرحمن ‘ عقیل چاند ‘ حافظ محمد تقی و دیگر موجود تھے ۔ تقریب کی کارروائی عبدالسلیم ایڈوکیٹ نے چلائی ۔