نارائن پیٹ میں معاون ارکان بلدیہ کا آج انتخاب

نارائن پیٹ 25 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نارائن پیٹ مجلس بلدیہ کے معاون ارکان بلدیہ کا 26 اگست کو بلدیہ کے ماہانہ اجلاس میںانتخاب عمل میں آئے گا ۔ تین معاون ارکان میں دو اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد ہوں گے جس میں ایک خاتون کیلئے محفوظ ہے جبکہ ایکمعاون رکن عام طبقہ سے جنرل ہوگا ۔ برسر اقتدار بی جے پی نے دو اقلیتی معاون ارکان کو قطعیت دیتے ہوئے جناب محمد تاج الدین پاجنیی گر اور محترمہ شاہدہ بیگم کو نامزد کیا ہے جبکہ عام زمرے کیلئے مسٹر کرشنا کو امیدوار بنایا ہے ۔ 26اگست کو 11 بجے کونسل ہال میں منعقدہ ماہانہ اجلاس میں معاون ارکان کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ جناب تاج الدین پاجنبی گر ‘ بی جے پی کے سینئر اقلیتی قائد ہیں جن کی طویل پارٹی خدمات کے پیش نظر انہیں پارٹی نے معاون رکن مجلس بلدیہ نارائن پیٹ نامزد کیا ہے ۔ محترمہ شاہدہ بیگم جناب سید محمد یسین ‘ ٹیلر کی اہلیہ محترمہ ہیں‘ جناب سید یسین بھی بی جے پی کے سینئر قائدین میں شمار کئے جاتے ہیں ۔ جناب محمد تاج الدین اور جناب سید محمد یسین نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہر کیا کہ وہ پارٹی کے ساتھ اقلیتوں کے مسائل بالخصوص مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وہ کوسنل میں نمائندگیاں کریں گے۔ جناب تاج الدین ‘محترمہ شاہدہ بیگم اور مسٹر کرشنا کا کل ممکن ہو بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آئے گا ۔ انتخابات کے فوری بعد نو منتخبہ معاون ارکان کی حلف برداری ہوگی ۔ اس اجلاس میں رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس آر ریڈی بھی شرکت کررہے ہیں۔