نارائن پیٹ۔12 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ میں تین دن سے مسلسل بارش سے جہاں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے، وہیں شہر کی سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہوگئی۔ مسلسل بارش سے سڑکیں جھیل کا منظر پیش کررہی ہیں۔ سڑکوں پر پڑے گڑھوں میں پانی جمع ہوجانے سے سڑک عبور کرنا سواریوں اور پیدل راہرؤں کے لئے دشوارکن ہوگیا۔ پچھلے تین دنوں سے مسلسل بوندا باندی سے موسم انتہائی سرد ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق مزید چند دن تک ایسی ہی صورتحال رہی تو شہر کے نشیبی علاقوں میں مزید پانی جمع ہونے اور مکینوں کو کئی مسائل کے پیدا ہوجانے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔ بلدیہ کی جانب سے اکثر مقامات پر کچرے کی فوری نکاسی نہ کئے جانے سے تعفن اور گندگی پیدا ہورہی ہے جس کے سبب متعدی امراض اور موسمی بیماریوں کے بڑے پیمانے پر پھوٹ پڑنے کے شدید خطرات بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔