نارائن پیٹ میں عرس تقاریب کا 30 جنوری سے آغاز

نارائن پیٹ /27 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ و کرناٹک کی سرحد پر واقع ضلع محبو ب نگر کے نارائن پیٹ ڈیویژن مستقر پر واقع قدیم درگاہ حصرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ ( نبیرہ سیدنا غوث الاعظم دستگیرؒ) کے سالانہ 4 روزہ عرس تقاریب کا 30 جنویر جمعہ سے آغاز عمل میں آرہا ہے ۔ جو 2 فروری پیر تک چلیں گے ۔ ان تقاریب میں نہ صرف ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش بلکہ پڑوسی ریاست کرناٹک ، گجرات اور مہاراشٹرا کے مختلف مقامات سے ہزاروں عقیدت مند بلا لحاظ مذہب و ملت شرکت کرتے ہیں ۔ عرص تقاریب کی تفصیلات اس طرح ہیں ۔ 30 جنوری کو بعد نماز عصر جلوس پرچم قادریہ 31 جنوری کو بعد نماز عشاء رسم صندل مالی ۔ یکم فروری اتوار کو چراغاں ہوں گے اور بعد نماز عشاء جلسہ فیضان اولیاء کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ 2 فروری بروز پیر کو بعد نماز فجر محفل زیارت تلاوت قرآن صلواۃ و سلام فاتحہ خوانی اور تبرکات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ اس موقع پر مولانا مفتی نذیر احمد قادری تسکینی کامل جامعہ نظامیہ کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ اسی روز بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی ۔ جس میں حیدرآباد و گلبرگہ کے رفیق دلدار اور خواجہ پارٹیاں ۔ منقبتی کلام سنائیں گے ۔ مراسم عرس جناب سید شاہ غیاث الدین قادری سجادہ نشین انجام دیں گے ۔ جبکہ تقاریب کی نظامت کے فرائض حافظ چاند پاشاہ قمر ثاقب انجام دیں گے ۔