نارائن پیٹ میں صرف ایک اے ٹی ایم کارکرد

نارائن پیٹ۔29ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے نوٹ بندی کے 50دن گذرجانے کے بعد بھی عوام کی مشکلات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پچاس دن کی مہلت مانگی تھی۔ پچاس دن کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود نارائن پیٹ کے بینکوں میں طویل قطاریں دیکھنے میں آرہی ہیں جن میں ضعیف افراد اور گرہست خواتین اور مرد قطار میں گھنٹوں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔ نارائن پیٹ کے پانچ اے ٹی ایمس سنٹروں کے منجملہ صرف ایک ہی اے ٹی ایم سنٹر کارکرد ہے۔ بینکوں میں چار ہزار اور بعض بینکوں میں 6 ہزار روپئے تک کی ہی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ عوام کو اپنی محنت کی کمائی حاصل کرنے کیلئے طویل جدوجہد کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ کبھی بینک کی جانب سے ٹوکن ختم ہونے کا اعلان کیا جاتا ہے تو کبھی نو کیاش (نقدی نہیں ہے) کا بورڈ آویزاں کیا جاتا ہے ۔ عوام کو اے ٹی ایم کی قطار میں سرد راتوں اور صبح سویرے کڑاکے کی سردی میں کھڑے ہونے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پچاس دن گذر جانے کے بعد بھی مسائل جوں کے توں برقرار رہیں گے اور عوام کو اپنے پیسوںکے حصول کے لئے ابھی مشقت اٹھانے کی ضرورت پڑے گی۔