نارائن پیٹ میں سڑک کی توسیع

نارائن پیٹ ۔ یکم ۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدرنشین بلدیہ نارائن پیٹ شریمتی انسویا چندر کانت نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ نارائن پیٹ ٹاون میں پہلے مرحلہ کے طور پر امبیڈکر چوراہا ایریا ہاسپٹل اور لپرسی ہاسپٹل ایرگڈہ تک سڑک کی توسیع و تعمیر کئے گئے 1.87 کروڑ روپیہ کے مصارف سے تعمیراتی کاموں کا آغاز عمل میں آیا ہے ۔ چھ ماہ قبل مجلس بلدیہ کی جانب سے محکمہ آر اینڈ بی سے مذکورہ سڑک کی توسیع و تعمیر کیلئے قرارداد کے ذریعہ درخواست کی گئی تھی اس کے علاوہ نارائن پیٹ ٹاون کے درمیان سے گذرنے والی اہم سڑک جو تنگ ہونے کی وجہ سے روزانہ ٹریفک مسائل کا باعث بن رہی ہے ، توسیع و تعمیر کیلئے بھی درخواست کی گئی تھی ۔ مذکورہ سڑک کی توسیع و تعمیر کیلئے 33 کروڑ روپیہ کی منظوری عمل میں آئی ہے اور عنقریب اس سڑک کی بھی توسیع و تعمیری کاموں کا آغاز عمل میں آئیگا ۔ انہوں نے قطعی طور پر یہ نہیں بتایاکہ مذکورہ سڑک کی کتنے فیٹ توسیع کی جائیگی انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مشاورت جاری ہے ۔ حتمی فیصلہ عوام کے رائے مشورہ کے بعد ہی کیا جائیگا ۔ نارائن پیٹ ٹاون میں سڑکوں کی توسیع و تعمیر کاموں کے آغاز سے عوام میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے واضح رہے کہ مذکورہ سڑکیں انتہائی خستہ اور بوسیدہ ہوگئی تھیں جس کے سبب راہروں اور سواریوں کا گذرنا محال ہوگیا تھا اور آئے دن حادثات میںاضافہ ہوتا جارہا تھا ۔