مٹی کے تودے گرنے کے واقعہ کے دیہات میں الیکشن کا بائیکاٹ
نارائن پیٹ۔ 11 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع میں پارلیمانی انتخابات مجموعی طور پر پرامن رہے۔ ضلع میں رائے دہی کا فیصد 55% رہا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں رائے دہی کی رفتار تیز رہی۔ دوپہر کے اوقات میں رائے دہی مراکز میں رائے دہی کی رفتار انتہائی سست رہی اور بعض پولنگ مراکز سنسان دکھائی دے رہے تھے۔ صبح 10 بجے تک رائے دہی کا فیصد 30 رہا۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ نے مختلف پولنگ مراکز کا دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا۔ نارائن پیٹ کے موضع ٹیلر کل ہوئے المناک حادثہ جس میں 10 مزدور خواتین مٹی کے تودے گرنے سے زندہ درگور ہوگئی تھیں۔ دیہاتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے رائے دہی میں حصہ نہیں لیا۔ اس دل دہلا دینے کے واقعہ کے صدمہ سے لوگ ابھی باہر نہیں آئے ہیں۔ آج بھی موضع ٹیلر نعشوں کی تدفین کا سلسلہ جاری رہا۔ ضلع بھر میں رائے دہی کے پرامن انعقاد کے لئے پولیس کا وسیع تر بندوبست کیا گیا تھا۔ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے ویڈیو کے ذریعہ بھی پولنگ مراکز کا مشاہدہ کیا۔ معذور افراد کے لئے بلدیہ کی جانب سے وہیل چیر کا انتظام کیا گیا تھا۔ نارائن پیٹ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں ماڈل پولنگ سنٹر قائم کیا گیا تھا۔