نارائن پیٹ میں دھوپ کی تمازت اور گرمی میں نمایاں کمی

نارائن پیٹ۔/3جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ میں ماہ جون کے آغاز کے ساتھ ہی گرمی کی تمازت اور شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ روزانہ سرشام موسم ابر آلود ہونے اور ہوائیں چلنے سے عوام کو گرمی سے نجات ملی ہے۔ مانسون کی تلنگانہ میں پانچ دن تاخیر کی آمد سے عوام کو مایوسی ہوئی ہے۔ یکم جون کو مانسون کے کیرالا کے ساحل سے ٹکرانے کی بجائے 5جون کو آمد سے اندیشہ ہے کہ ریاست میں 8جون کے بجائے 13یا 14جون کو مانسون داخل ہوگا۔ بہرحال دھوپ کی شدت اور گرمی کے قہر میں خاطر خواہ کمی سے عوام کو موسم گرما کے قہر سے چھٹکارہ ملا ہے۔

گورنمنٹ جونیر کالج
اردو میڈیم میں داخلے
نارائن پیٹ۔/3جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ جونیر کالج، نارائن پیٹ کے اردو متوازی جماعتوں شعبہ ایم پی سی، بی پی سی اور ایچ ای سی میں داخلے جاری ہیں۔ پرنسپل جونیر کالج مسٹر بی نارائنا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ تعلیمی سال 2015-16 کے لئے تلگو اور اردو میڈیم میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ داخلہ فارم کالج کے اوقات میں حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کالج کے نتائج حوصلہ افزاء رہے۔ تفصیلات کے لئے کالج کے فون نمبر08506-282514 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔