نارائن پیٹ میں خواتین کا خالی گھروں کے ساتھ دھرنا

نارائن پیٹ ۔ 10 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیرپرسن بلدیہ نارائن پیٹ کے گھر کے سامنے خواتین نے خالی گھروں کے ساتھ دھرنا دیا ۔ وارڈ نمبر 5 کی خواتین نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے ان کے وارڈ میں نلوں سے پانی نہیں چھوڑا جارہا ہے اور نہ ہی متبادل طور پر ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی سربراہی ہورہی ہے ۔ سرکاری عہدیدار بھی اس خصوص میں کوئی جواب دینے سے قاصر ہیں ۔ خواتین نے مطالبہ کیا کہ کم از کم دو دن میں ایک پانی کا ٹینکر سربراہ کیا جائے ۔ چیرپرسن بلدیہ گندے انوسویا نے بتایا کہ صرف وارڈ نمبر 5 ہی میں پانی کا مسئلہ درپیش نہیں ہے بلکہ تمام وارڈوں میں پانی کی تکلیف ہے ۔ ستیہ سائی ٹرسٹ سے پینے کے پانی کی سربراہی مزدوروں کے ہڑتال کیو جہ سے مسدود ہو کر رہ گئی ہے ۔گندے انوسویا چیرپرسن بلدیہ نے خواتین کو مشورہ دیا کہ پانی کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے ۔ چیرپرسن کے تیقن پر احتجاج سے خواتین نے دستبرداری اختیار کی ۔ اس احتجاج میں وارڈ نمبر کے کونسلر پوشل ونود بھی موجود تھے ۔