نارائن پیٹ میں بوتھ پر قبضہ کی شکایت

نارائن پیٹ ۔2مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے منڈل کوئل کنڈہ کے موضع سری وینکٹا پور اور مودیپور کے بوتھ نمبر 51 اور 07 میں تلگودیشم امیدوار راجندر ریڈی اور ان کے حامیوں نے ووٹنگ مشین انتخابی عملہ سے چھین کر قبضہ کرلیا اور تلگودیشم امیدوار کے غنڈوں نے اپنے ہاتھوں سے یکطرفہ پولنگ کی اور صرف ایم پی کی ووٹنگ مشین میں رائے دہندوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے دیا گیا۔ مسٹر شیوا کمار ریڈی ٹی آر ایس امیدوار حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ نے ثبوت اور شواہد کے ساتھ ریاستی الیکشن کمشنر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلگودیشم امیدوار کی جمہوریت کو سبوتاج کرنے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے شکایت کی ۔ مسٹر شیو کمار ریڈی نے کہا کہ تلگودیشم امیدوار نے جمہوریت کا مذاق اڑایا ہے ۔ الیکشن عملہ کو دھمکاکر بوتھ پر قبضہ کرلیا جس کے تصویری ثبوت موجود ہیں ۔ ان بوتھ 51 اور 07 کوئل کنڈہ میں دوبارہ رائے دہی کروانے کا انہوں نے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کیلئے رکھی گئی ووٹنگ مشین کے بیالٹ پیپر پر سیکل کے نشان کے سامنے بذریعہ پین( قلم ) کا نشان لگاکر نشاندہی کی گئی ۔ جمہوریت کو بچانے کیلئے الیکشن کمیشن کوئل کنڈہ کے انتخابی مراکز 51 اور 07 پر دوبارہ رائے دہی کروانے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ دھنواڑہ منڈل کے موضع اپم پلی میں تلگودیشم کے کارکنوں نے پولیس کے ہوم گارڈ کو 500/-روپئے کا نوٹ دے کر ہمنوا بنانے کی کوشش کی ۔ آزاد امیدوار کے حامیوں نے یہ منظر دیکھ کر احتجاج کیا ۔ عوامی احتجاج کو دیکھ کر پولیس ہوم گارڈ 500/-روپئے کا نوٹ وہیں پر ہی پھینک کر راہ فرار اختیار کی۔ ڈی ایس پی مہیش نے عوام کو تیقن دیا کہ پولیس ہوم گارڈ کو رشوت دینے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔