نارائن پیٹ میں ایس آئی او کا دھرنا

نارائن پیٹ۔/ 9 جولائی ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ جونیر کالج نارائن پیٹ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے طلباء تنظیم ایس آئی او کی جانب سے گورنمنٹ جونیر کالج کے سامنے دھرنا دیا گیا۔ اس دھرنا میں تقریباً 400طلباء نے حصہ لیا۔ ایس آئی او کے قائد محمد ارشد فیصل نے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ جونیر کالج میں400 طلباء کیلئے صرف ایک طہارت خانہ موجود ہے۔ اس کالج میں طالبات کی کثیر تعداد موجود ہے۔ پینے کے پانی کی سہولت موجود نہیں ہے۔ طہارت خانہ اور بیت الخلاء موجود نہ رہنے کے سبب طلبہ برادری پانی پینے سے بھی احتراز برت رہی ہے۔اس کے علاوہ اردو میڈیم کے طلباء کے لئے ریاضی اور زوالوجی کے لکچررس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔

ظہیر الدین صوفی سابق ضلعی صدر ایس آئی او نے بتایا کہ گذشتہ تعلیمی سال اس کالج سے دو طالبات نے ایم پی سی اور بی پی سی زمرہ میں اردو میڈیم سے ریاستی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا۔اس سال ریاضی اور زوالوجی کے لکچررس کی جائیدادوں کے مخلوعہ ہونے سے نتائج پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ ایس آئی او قائدین نے بذریعہ فون گورنمنٹ کالج کی محرومیات اور مسائل سے رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی کو واقف کروایا۔ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے تیقن دیا کہ وہ اندرون دو دن اس خصوص میں عہدیداروں سے بات کرکے مسائل کو حل کروائیں گے۔ مسٹر ڈی نارائنا پرنسپل نے طلباء کو تیقن دیا کہ وہ کالج میں بنیادی سہولتوں کی کمی کی تفصیلات تحریری طور پر عہدیداران تعلیمات تک پہنچائیں گے اور کالج میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشش کریں گے۔ کالج کے طلباء نے پرنسپل کو کلاس روم کی صورتحال سے واقف کروایا اور بتایا کہ بارش کے دوران کلاس روم کی چھت سے پانی ٹپک رہا ہے۔ اس حالت میں کلاس روم میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنا محال ہے۔ پرنسپل نے چھت کی مرمت کروانے کا تیقن دیا۔اس دھرنا میں ایس آئی او کے قائدین محمد آصف، انور پاشاہ، محمد نصیر، قدرت اللہ و دیگر نے حصہ لیا۔

سانپ ڈسنے سے خاتون فوت
منااکھیلی۔9جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کھیت میں کام کررہی خاتون کو سانپ کے ڈسنے سے ہلاک ہونے کا واقعہ بھالکی تعلقہ کے جائیگاؤں میں پیش آیاہے ۔ سوگماشریپتی (45سالہ) اس حادثہ میںفوت ہوگئی۔ بھالکی کے اسپتا ل میں داخل کیاگیاتھا جہاں سے مزید علاج کیلئے بید رکے سرکاری اسپتال روانہ کیاگیاتھا۔ دیہی پولیس اسٹیشن کے سی پی آئی ٹھاکر نے اسپتال پہنچ کر کیس درج کرلیاہے۔ یہ واقعہ منگل کو پیش آیا۔