نارائن پیٹ ۔4 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی حکومت کی جانب سے اقلیتی طلباء کیلئے فراہم کی جانے والی اسکالرشپ کے فارم کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی جائے اور اس توسیع کو 30 ستمبر تک کیا جانے کا مطالبہ جناب روف حسام الدین سکریٹری سوٹا نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے اولیائے طلباء فارم کے متعلقہ اسنادات کے حصول کی تگ و دو میں ہیں ۔ اسکالر شپ فارم کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی جائے تو تمام مستحق طلباء کو استفادہ کا موقع حاصل ہوگا ۔ جناب روف حسام الدین سکریٹری سوٹا نے کہا کہ سرکاری مدارس کو تقویت پہنچانے اور تعلیم کو تجارت میں تبدیل ہونے سے بچانے کیلئے سرکاری مدارس کے طلباء کو بھی اسکالر شپ کی رقم 5 ہزار روپئے کردی جائے کیونکہ سرکاری مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے انتہائی پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور 95 فیصد سے زائد طلباء کا تعلق خط غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے طبقہ سے ہوتا ہے ۔ سرکاری مدارس میں صرف ایک ہزار روپئے اسکالر شپ دی جانے سے بچوں کی اکثریت ان مدارس کی طرف رخ کررہی ہے جہاں پر تعلیم حاصل کرنے سے 5 ہزار روپئے کی اسکالر شپ حاصل ہوتی ہے ۔ سرکاری مدارس کے طلباء کو بھی خانگی مدارس کے طلباء کے مساوی اسکالرشپ دی جائے تو سرکاری مدارس میں طلباء کی تعداد میں مزید اضافہ ممکن ہے ۔