نارائن پیٹ میں آج گنیش نمرجن ، پولیس کے وسیع صیانتی انتظامات

ایس پی کا دورہ نارائن پیٹ، بندوبست کا جائزہ
نارائن پیٹ۔/26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ڈیویژنل مستقر پر آج رات دیر گئے گنیش وسرجن جلوس کا آغاز عمل میں آئے گا۔ توقع ہے کہ 24گھنٹے طویل یہ جلوس کل رات مورتیوں کے دریائے کرشنا میں نمرجن کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔ واضح رہے کہ نارائن پیٹ میں حسب روایت قدیم گنیش کی مورتیوں کی ایستادگی کے دسویں روز رات جلوس کا آغاز ہوتا ہے اور گیارہویں روز رات مورتیوں کا نمرجن انجام دیا جاتا ہے۔ حالانکہ پولیس ہمیشہ کی طرح گنیش اتسو سمیتی کے ذمہ داروں سے گذارش کرتی ہے کہ جلوس صبح تک ختم کردیا جائے لیکن ہر بار دوسرے روز رات تک جلوس کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ کل شام ضلع ایس پی مسٹر شیوا پرساد نے اچانک نارائن پیٹ کا دورہ کیا اور ڈی ایس پی کیمپ آفس میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں گنیش اتسو کمیٹی کے ذمہ داران اور ہندو مسلم قائدین نے شرکت کی۔ ضلع ایس پی نے اس موقع پر ہندو مسلم قائدین سے اپیل کی کہ وہ جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے نقص امن کی کسی بھی کوشش کو سختی سے کچل دینے کا انتباہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے حساس مقامات پر سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے۔ نارائن پیٹ شہر کی اہم مساجد جو جلوس کے راستوں پر واقع ہیں بڑے بڑے شامیانوں سے ڈھانپ دیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی نارائن پیٹ مسٹر پی سرینواس ریڈی، سی آئی مسٹر رویندر پرساد اور دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔
سرپور ٹاؤن میں پدما شالی سنگم سے متعلق پوسٹرس کی اجرائی
سرپور ٹاؤن۔/26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن منڈل پدما شالی سنگم صدر کی اطلاع کے بموجب سمپت کمار نے مقامی اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پدماشالی سنگم کی جانب سے عوامی فلاح کے کاموں کو انجام دیا جارہا ہے اور خصوصی طور پر آچاریہ کونڈا لکشمن باپوجی کی 100ویں برسی کے ضمن میں 27ستمبر کو تلگو شادی خانہ میں مریضوں میں پھلوں کی مفت تقسیم کی جائے گی۔ سنگم کے افراد سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس جلسہ میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے جلسہ کو کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر پدما شالی سنگم قائدین ڈی ونود، اے پی راجو، بی شیکھر کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔