ریاستی وزیر کے تارک راما راؤ کی شرکت متوقع
نارائن پیٹ /15 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ گریجویٹ ایم ایل سی محبوب نگر، حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے امیدوار مسٹر دیوی پرساد 16 مارچ بروز پیر تین بجے نارائن پیٹ کا دورہ کریں گے اور جی پی شٹی فنکشن ہال میں ایک انتخابی جلسہ سے مخاطب کریں گے۔ اس جلسہ میں کے تارک راما راؤ (کے ٹی آر) کی شرکت متوقع ہے۔ اس بات کا انکشاف کے شیو کمار ریڈی حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ ٹی آر ایس انچارج نے ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ دیوی پرساد کی حمایت حیدرآباد اور رنگاریڈی کی 22 یونینیں کر رہی ہیں، جن میں پی آر ٹی یو، یو ٹی ایف، ٹی پی ٹی ایف، سوٹا، تلنگانہ آر ٹی سی مزدور یونین، آر ایم پی اسوسی ایشن، ریٹائرڈ ٹیچرس اسوسی ایشن، اردوٹیچرس اسوسی ایشن، گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر اسوسی ایشن اور دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس جلسہ عام میں ریاستی جوبلی کرشنا راؤ، پارلیمانی سکریٹری سرینواس گوڑ، لکشما ریڈی ریاستی وزیر توانائی، نرنجن ریڈی اور دیگر ریاستی وزراء شرکت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ دیوی پرساد تلنگانہ تحریک کے بلند قامت قائد ہیں۔ تلنگانہ تحریک میں ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے گریجویٹ امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ اپنا پہلا ترجیحی ووٹ مسٹر دیوی پرساد کو دیں اور 16 مارچ کے جلسہ عام میں شرکت کریں۔ مسرز محمد امیر الدین ایڈوکیٹ رکن بلدیہ اور محمد عبد السلیم ایڈوکیٹ بار اسوسی ایشن کے سابق سکریٹری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مسرز کیشو وردھن ریڈی، نظیر احمد تاج، محمد اعجاز مڑکی، محمد عارف اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔