حلقہ اسمبلی سے 14 امیدواروں کا ادخال نامزدگی
نارائن پیٹ /10 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے انتخاب کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تک جملہ 14 نامزدگیاں داخل کی گئی ۔ آخری دن 11 افراد نے اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کیں جبکہ اس سے قبل 3 افراد نے اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کیں تھیں ۔ اس طرح جملہ 14 افراد نے 22 سیٹ داخل کئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی سے مسٹر وی کرشنا ، ٹی آر ایس مسٹر شیوکمار ریڈی ، تلگودیشم سے مسٹر ایس آر ریڈی ، بی جے پی کے باغی امیدوار مسٹر اے پانڈو ریڈی ، بی ایس پی سے مسٹر راجندر راٹھوڑ ، وائی ایس آر کانگریس سے مسٹر جئے دیو ریڈی ، کانگریس کے باغی امیدوار ڈاکٹر کے سائی بابو اور سابق رکن اسمبلی محبوب نگر آنجہانی پلی ویرنا کی بیوہ شریمتی پلی انجماں کے علاوہ مسٹر کشٹاریڈی نے ان کے ساتھ پارٹی کی ناانصافی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے پرچہ نامزدگی داخل کی ہے ۔ بی جے پی کی سابق رکن اسمبلی شادنگر شریمتی اندرا نے بھی نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ سے اپنے پرچہ نامزدگی داخل کی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی قیادت کی جانب سے تلگودیشم سے مفاہمت کئے جانے کے خلاف علم بغاوت بلند کیا ہے ۔ ان کے علاوہ آزاد امیدواروں کے طور پر مسٹر پولے پلی ونود کمار ، مسٹر عبدالسلیم ، مسٹر سریدھر اور مسٹر وٹھل راؤ آریہ ( ٹی جے اے سی ) ضلع کنوینر نے بھی اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کی ہیں ۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ کو ٹی آر ایس کے امیدوار مسٹر شیو کمار ریڈی نے زبردست عوامی جلوس کے ساتھ آر ڈی او آفس پہونچکر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ ان کے علاوہ کانگریس پارٹی کے امیدوار مسٹر وی کرشنا اور بی جے پی کے باغی امیدوار مسٹر رتنگ پانڈو ریڈی نے بھی اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ جلوس کی شکل میں آر ڈی او آفس پہونچکر اپنے اپنے پرچہ نامزدیاں داخل کی ۔ آخری دن نارائن پیٹ ٹاون میں کافی گہما گہمی اور جلوسوں کی گڑبڑ دیکھی گئی ۔