نارائن پیٹ ضلع بننے پر عوام میں جشن کا ماحول

کلکٹر و ایس پی نے جائزہ لیا ۔ قومی پرچم کشائی تقریب کا بھی انعقاد ‘ رکن اسمبلی کی شرکت

نارائن پیٹ ۔ 17؍ فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ کو محبوب نگر ضلع سے الگ کرتے ہوئے نارائن پیٹ کو ضلع کا درجہ دیا گیا ہے ۔ اس میں 11 منڈلوں کو شامل کرتے ہوئے نارائن پیٹ کو نیا ضلع بنایا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج نارائن پیٹ ضلع کلکٹر آفس اور نارائن پیٹ ضلع ایس پی آفس کا افتتاح انجام دیاگیا ۔ اس موقع پر محبوب نگرضلع کلکٹر رونالڈ روز کو نارائن پیٹ ضلع کلکٹر کی حیثیت سے زائد ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اور اس کے علاوہ محبوب نگر ضلع ایس پی ریما راجیشوری کو نارائن پیٹ ضلع انچارج ایس پی کی حیثیت سے تقرر کیا گیا ۔ نارائن پیٹ ضلع کلکٹر اور نارائن پیٹ ضلع ایس پی کی حیثیت سے انہوں نے آج رکن اسمبلی ایس راجندریڈی ‘ مکتھل رکن اسمبلی رام موہن ریڈی ‘ محبوب نگر ایم ایل اے سرینواس گوڑ و دیگر کے ہمراہ اپنے اپنے عہدوں کا جائزہ لے لیا اور قومی پرچم کی رسم کشائی تقریب انجام دی ۔ بعدازاں نارائن پیٹ ضلع کلکٹر کے احاطہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں کلکٹر ’ رونالڈ روز ‘ ایس پی ریما راجیشوری ‘ رکن اسمبلی نارائن پیٹ اسی راجندر ریڈی ‘ رام موہن ریڈی ‘ بنڈاری بھاسکر ‘ کوڑنگل ایم ایل اے ‘ جوائنٹ کلکٹر محبوب نگر‘ آر ڈی او سرینواس اور صدرنشین بلدیہ ایس چندراکانت کے علاوہ دیگر نے شرکت کی ۔ تقریب سے مقررین نے خطاب کیا ۔ نارائن پیٹ میں آج ہر طرف جشن کا ماحول نظر آ رہا تھا ۔ کلکٹر آفس کے احاطہ میں شجرکاری کی گئی ۔ سید شاہ غیاث الدین قادری سجادہ نشین درگاہ تقی باباً ‘ حافظ فخرالدین تاج ‘ حافظ عبدالقیوم ‘ حافظ محمد غوث نے اس موقع پر دعا بھی کی اور تلنگانہ میں امن و امان اور نارائن پیٹ ضلع ترقی کے لئے دعا بھی کی گئی ۔ اس طرح نارائن پیٹ ضلع میں واحد ریونیو ڈویویژن نارائن پیٹ کی تشکیل عمل لائی گئی ہے ۔ جس میں شامل منڈلوں میں نارائن پیٹ ‘ دامر گدہ ‘ دھنواڑہ ‘ مریکل ‘ کوسگی ‘ اوٹکور ‘ مدور ‘ مکتھل ‘ ماگونور اور کرتنا قابل ذکر ہیں ۔ نارائن پیٹ میں 26 مواضعات دامرگدہ میں 27 ‘ دھنواڑہ میں 9 ‘ مریکل میں 16 ‘ کوسگی میں 26 اٹکورمیں 27 ‘ ماگنور میں 20 ‘ کرشنا میں 14 ‘ نروا میں 20 ’ مدور 30 اور مکتھل میں 39 مواضعات شامل ہیں ۔