جدہ ۔ 26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک نادر فلکیاتی نظارے میں 28 مئی کی دوپہر سورج کعبۃ اﷲ کے بالکل وسط میں ہوگا جس کی وجہ سے چند لمحات کے لئے بیت اﷲ کا سایہ نہیں ہوگا۔ جدہ کی فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق نظام شمسی کے تحت سورج 28 مئی کو شمال مشرقی سمت سے 5:38 بجے صبح طلوع ہوگا اور 12:18 بجے دوپہر بالکل کعبۃ اﷲ کی وسط میں ہوگا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا نظارہ ہر سال دو مرتبہ دیکھنے میں آتا ہے۔ 28 مئی کے علاوہ اس طرح کا نظارہ 16 جولائی کو بھی دیکھنے میں آئے گا ۔ ماہرین نے سادہ آنکھ سے یہ نظارہ نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔