ناخوشگوار موسم نے مُرسی کو عدالت میں حاضری سے روک دیا

مقدمہ کی سماعت ملتوی، سرکاری ٹی وی پر اسکندریہ کے سکیورٹی چیف کا بیان
قاہرہ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے معزول صدر محمد مُرسی پر قتل کے مقدمہ کی سماعت آج یکم فبروری تک ملتوی کردی گئی کیونکہ اسلام پسند قائد ناخوشگوار موسم کی وجہ سے عدالت نہیں پہونچ سکے۔ اُن کے ہیلی کاپٹر کو پرواز کرنے سے روک دیا گیا۔ جج احمد صابری یوسف نے کہاکہ موسمی حالات کی وجہ سے محمد مُرسی کو عدالت منتقل نہیں کیا جاسکا اِس لئے سماعت یکم فبروری تک ملتوی کی جاتی ہے۔ اسکندریہ کے سکیورٹی چیف ناصر العبد نے سرکاری ٹی وی پر کہاکہ جو ہیلی کاپٹر 62 سالہ مُرسی کو مقدمہ کی سماعت کے لئے عدالت منتقل کیا جانے والا تھا، اسکندریہ کے قید خانے سے ناخوشگوار موسمی حالات کی بناء پر پرواز نہیں کرسکا۔ الاہرام آن لائن کی خبر کے بموجب مُرسی کو زبردست حفاظتی انتظامات کے تحت قائم برج العربی قید خانہ سے جو اسکندریہ کے مغرب میں ہے، جدید قاہرہ کی پولیس اکیڈیمی منتقل کیا جانے والا تھا

جہاں مقدمہ کی سماعت مقرر تھی۔ اگر مُرسی آج حاضر ہوتے تو یہ دوسری مرتبہ ہوتا جبکہ وہ گزشتہ جولائی میں اُنھیں اقتدار سے بیدخل کردیئے جانے کے بعد عوام کے درمیان آئے ہوتے۔ قبل ازیں 4 نومبر کو اُنھوں نے عدالت میں مقدمہ کی سماعت کے دوران حاضری دی تھی۔ مُرسی اور اُن کے 14 شریک ملزمین پر قتل اور تشدد کے لئے اُکسانے کے الزامات کا مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ مبینہ طور پر ڈسمبر 2012 ء میں قصر صدارت کے باہر اِسی اُکساہٹ کی بناء پر 9 افراد کا قتل ہوا تھا جبکہ مُرسی کے جاری کردہ دستوری اعلامیہ کے خلاف اپوزیشن احتجاجی دھرنا دے رہا تھا۔ مُرسی نے صدارتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اپنے لئے مزید اختیارات حاصل کرلئے تھے۔ قصر صدارت کے روبرو جھڑپوں کے نتیجہ میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔