حیدرآباد /21 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ناجائز تعلقات کا انکشاف کرنے کی داشتہ کی دھمکی سے دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ شاہ آباد پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 38 سالہ نرسمہا نے 19 اکٹوبر کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ جس کی کل رات علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نرسمہا جو پیشہ سے کسان تھا شاہ آباد میں رہتا تھا ۔ اسی مقام کی رہنے والی ایک خاتون امرتا سے اس کے ناجائز تعلقات قائم ہوچکے تھے اور ان کے درمیان یہ تعلقات کافی دنوں سے تھے ۔ چند روز قبل مالی پریشانیوں کے سبب نرسمہا اپنی داشتہ کی چاندی کی چین لیکر اسے فروخت کردیا تھا اور اس رقم کو اپنی ضروریات کیلئے استعمال کرلیا تھا ۔ اس بات کا علم ہونے کے بعد امرتا نرسمہا سے چین یا پھر رقم کا مطالبہ کرنے لگی اور نرسمہا ٹالتا گیا تاہم گذشتہ روز امرتا اپنے آشنا کے مکان پہونچ گئی اور اپنے ناجائز تعلقات کا بھانڈہ پھوڑنے کی دھمکی دی ۔ امرتا نے اپنے آشنا کے مکان والوں کو یہ بات بتادی تھی اور پورے محلہ اور گاؤں میں ناجائز تعلقات کا بھانڈہ پھوڑنے کی دھمکی دی تھی جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس شخص نے خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔