تیز دھاری ہتھیار سے وار ،عضو بھی کاٹ دیا گیا ، 3 حملہ آور گرفتار
حیدرآباد۔ 18 اکتوبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ رین بازار میں آج رات قتل کی سنگین واردات پیش آئی، جہاں تین بھائیوں نے ایک شخص کا بے رحمانہ انداز سے قتل کردیا۔ ناجائز تعلقات قتل کی وجہ بتائی جارہی ہے۔ تینوں حملہ آور آپس میں سوتیلے بھائی بتائے گئے ہیں اور مقتول کا ان کی ایک والدہ سے ناجائز تعلقات تھے۔ سابق میں دو مرتبہ مقتول ان سے بچ کر فرار ہوگیا تھا لیکن آج تینوں بھائیوں کو مقتول 35 سالہ جاوید مل گیا۔ یہ واردات چھوٹاپل، یاقوت پورہ میں پیش آئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس سید رفیق کی اطلاع کے مطابق آج رات 7 تا 8 بجے کے درمیان یہ واردات پیش آئی۔ پولیس نے حملہ آور قاتلوں عیسیٰ (21 سال)، شیخ سلیمان (21 سال) اور شیخ سہیل (23 سال) فرزندان شیخ خواجہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ جاوید کا تعلق سبزی منڈی کاروان سے بتایا گیا ہے۔ آج رات تینوں بھائیوں نے جاوید کو اپنے مکان کے قریب دیکھ لیا اور تیز دھار ہتھیاروں سے اس پر حملہ کردیا اور اس کے عضو کو بھی کاٹ دیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور فوری پولیس کے اعلیٰ عہدیدار رین بازار پہنچ گئے۔ رین بازار پولیس مصروف تحقیقات ہے۔