حیدرآباد /2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ماں سے ازدواجی تعلقات اور بیٹی کی عصمت ریزی کا افسوسناک واقعہ سعیدآباد پولیس حدود میں پیش آیا جہاں پولیس نے ملزم کو حراست میں لیتے ہوئے پوچھ تاچھ کا آغاز کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ امجد اور سجاتا دونوں مبینہ طور پر کچھ عرصہ سے بغیر شادی کے ازدواجی زندگی گذار رہے تھے تاہم 2 ماہ قبل سجاتا کی بیٹی جو اس کی بہن کے یہاں پر پرگی میں رہتی تھی ۔ سجاتا کے یہاں سنگارینی کالونی سعیدآباد آگئی ۔ چونکہ سجاتا کی صحت ناساز تھی ۔ یہ کمسن لڑکی 7 ویں جماعت کی طالبہ بتائی گئی ہے ۔ سجاتا کے ساتھ اس کی بیٹی کا رہنا امجد کو پسند نہیں تھا اور اس بات پر داشتہ و آشنا میں جھگڑا ہوا ۔ امجد نے سجاتا کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا گذشتہ روز جب سجاتا مکان سے باہر گئی تھی تو امجد نے داشتہ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی کمسن بیٹی کی عصمت ریزی کردی۔ جیسے ہی اس بات کا علم اس کمسن کی والدہ کو ہوا انہوں نے مسئلہ پولیس سے رجوع کردیا اور پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے سجاتا کے شوہر کی 5 سال قبل موت واقع ہوگئی تھی اور اس نے روزگار کے سلسلہ میں نلگنڈہ ضلع سے شہر کا رخ کیا اور سعیدآباد علاقہ میں رہنے لگی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔