نابیناؤں کی دماغی قوت و صلاحیت اللہ تعالیٰ کی خصوصی دین

حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار ڈیسبلیڈ کی جانب سے نابینا طلباء و افراد کے لیے دعوت افطار کا اہتمام محبوب منشن فنکشن ہال مہدی پٹنم میں رکھا گیا ۔ نگرانی ناظم شہر محمد رشاد الدین و صدر آئی آئی سی ڈی نے کی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست شریک تھے ۔ نابینا طلباء و نوجوان کی کثیر تعداد دعوت افطار میں دیکھی گئی ۔ سید تبریز بخشی نے خیرمقدم کیا اور آئی آئی سی ڈی کا تفصیلی تعارف پیش کیا ۔ ان نابیناؤں کے لیے آئی آئی سی ڈی کی جانب سے کمپیوٹر کی تربیت کا نظم موجود ہے ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں بینائی سے محروم رکھا لیکن دماغی قوت و صلاحیت دی ہے جس سے وہ بذات خود اور اپنے افراد خاندان کی دیکھ بھال کررہے ہیں اور ایسے ذہین ، ہوشیار اور تعلیم یافتہ ہیں کہ اللہ ضرور ان سے کام لے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معذور افراد سے آج بڑی بڑی کمپنیاں اور خود بڑے ہوٹلس کام لے رہے ہیں ۔ جہاں وہ اپنی شبانہ روز محنت کے ذریعہ HDFC اور فائیو اسٹارس ہوٹلس میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ان کی مختلف سطحوں پر کی جانے والی خدمت کی انہوں نے بھر پور ستائش کی اور کہا کہ قدرت نے ہمیں آنکھ ، ذہن و صلاحیتیں تو دی ہیں لیکن اس کا صحیح طور پر استعمال نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے آملہ فاونڈیشن کی جانب سے ان معذورین کے لیے کی جانے والے خدمات کی ستائش کی اور انتظامیہ سے اس بات کی خواہش کا اظہار کیا کہ بعد رمضان آملہ فاونڈیشن سے گفت و شنید کی جائے ۔ ان کے ہاں ان معذورین کے لیے جو اقدامات کئے جارہے ہیں آئی آئی سی ڈی مل کر بہتر طور پر اقدامات کرسکے ۔ محمد رشاد الدین ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد و صدر نشین آئی آئی سی ڈی نے کہا کہ آئی آئی سی ڈی کا اولین مقصد یہ ہے کہ ایسے معذور طلباء و طالبات جو ذہین ہوتے ہیں ان کی ہر نہج پر رہبری و رہنمائی کی جائے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر انفرادی و اجتماعی طور پر خدمت بجا لاسکے ۔

اس لیے آئی آئی سی ڈی کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ انسانیت کی عظیم خدمت کی جاسکے اور اس کے ذریعہ رب کی رضا و خوشنودی حاصل ہو ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں کی اس تجویز کی رشاد الدین نے تائید کی اور کہا کہ وہ آملہ فاونڈیشن کے ساتھ فلاحی امور انجام دینے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی سی ڈی کا اصل مقصد آخرت کی فلاح کامیابی و کامرانی ہے ۔ تلگو مقرر عبدالرشید نے رمضان المبارک کے فضائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جو لوگ صحت مند ہیں ان پر ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ دعوت دین کے پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں ۔ مقدرات جو اللہ کی مرضی ہوا کرتے ہیں اس پر راضی ہونا اور اپنے مقدر کو متعین کرتے ہوئے زندگی گذارنے سے رب کی رضا و خوشنودی حاصل ہوتی ہے ۔ انہوں نے رسول کریم ﷺ کی حیات طیبہ پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ آپؐ نے عرب کی سرزمین پر توحید ، رسالت اور آخرت کا درس دیا ۔ اس کے باوجود منافقین و کفار نے آپؐ پر مصیبتوں کے پہاڑ توڑے ۔ انہوں نے ان آزمائش پر صبر کیا تو اللہ نے انہیں دنیا و آخرت میں عظیم درجات عطا کئے اور آپ نے اپنی مبارک زندگی کی ایسی چھاپ چھوڑی کہ لوگ امین و صادق کے لقب سے پکارنے لگے ۔ یہ عظیم کتاب آج ہمارے ہاتھوں میں ہے اس کو برادران وطن تک پہنچانا ہر ایک کا فریضہ و ذمہ داری ہے ۔ منظور کلیم نے پروگرام کی کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔ نابینا نوجوان رزاق نے بھی مخاطب کیا ۔ شہ نشین پر محمد معین الدین جوائنٹ سکریٹری ، عبدالمقتدر ، عرفان مینار ایگزیکٹیو ممبرس ، ہادی پٹیل امیر مقامی لنگم پلی ، محمد نصر اللہ خاں و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔