نابالغ کی شادی ، شمس آباد پولیس کے ہاتھوں ناکام

شمس آباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : شمس آباد کے موضع پداتیرا میں آج ایک 13 سالہ لڑکی کی شادی کی جارہی تھی تو شمس آباد پولیس میں اس کی اطلاع دی گئی ۔ جس پر شمس آباد رورل انسپکٹر اوما مہیشور راؤ اور سب انسپکٹر بھاسکر نے فورا مقام پر پہنچ کر شادی کو رکوادیا ۔ تفصیلات کے بموجب شنکریا اپنی 13 سالہ لڑکی کی شادی جنگیا کے بیٹے سے کررہا تھا ۔ دونوں خاندان بھیک مانگ کر زندگی گزارنے والے ہیں ۔ شمس آباد انسپکٹر نے مقام پر پہنچ کر دونوں کے ماں باپ سے بات کر کے انہیں تفصیلات بتائی کہ 18 سال سے کم عمر لڑکا یا لڑکی کی شادی غیر قانونی ہے ۔ ایسا کرنے پر دونوں والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے ۔ جس کے بعد لڑکے اور لڑکی کے والد نے شادی کو روک دیا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ ایسا اگر کہیں بھی ہو تو عوام فورا مقامی پولیس کو اطلاع کرے نابالغ لڑکا یا لڑکی کی شادی غیر قانونی ہے ۔۔