نائجیریائی باشندوں سے ڈرگس برآمد، چار افراد گرفتار

حیدرآباد ۔ /25 فبر وری (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اور سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس کے ایک مشترکہ آپریشن میں شہر میں کوکین کا کاروبار کرنے والے چار نائجیریائی باشندوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ممنوعہ ڈرگس برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ 29 سالہ روتمی اسولا کھیندے جو نائجیریا کا باشندہ ہے اپنے ساتھی باشندوں 24 سالہ سائمسینگ ایبوکا ، 29 سالہ اوزور پرامس چوکوڈی اور اتھوح بوشا کیلوین کی مدد سے شہر میں ڈرگس کا کاروبار کررہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹولی تلگو فلم ڈائرکٹر اے ششانت ریڈی کو ڈرگس حوالے کرتے ہوئے پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تلگو فلم سوپر اسٹار کڈنائپ کے ڈائرکٹر ششانت ریڈی نے اس فلم میں لاکھوں روپئے کی سرمایہ کاری کی اور وہ معاشی بحرانی کا شکار ہوگیا ۔ ذہنی دباؤ کے نتیجہ میں اس نے کوکین کا استعمال شروع کیا اور وہ اکثر گوا سے کوکین حاصل کیا کرتا تھا ۔ ششانت ریڈی کے علاوہ تلگو فلم صنعت کے پی روی کمار بھی کوکین کا عادی ہوگیا اور وہ مختلف افراد سے ڈرگس حاصل کیا کرتا تھا ۔ مسٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ نائجیریائی ٹولی کے سرغنہ اسولا کو 2014 ء میں سی سی ایس کی نارکوٹیک ڈرگ کنٹرول ٹیم نے اسے گرفتار کیا تھا اور وہ چار ماہ تک جیل میں محروس رہنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوا ۔ وہ اکثر اپنے ساتھی نائجیریائی باشندوں کی مدد سے بڑے پیمانے پر ڈرگس فراہم کررہا تھا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضے سے 90 گرام کوکین ، 40 گرام گانجہ ، 6 موبائیل فون اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کردیا ۔