نائب قاضی کی برطرفی کا مطالبہ

منچریال ۔ 5 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نوجوانان منچریال نے نائب قاضی منچریال جناب محمد احمد حسین کی مقررہ نکاح فیس سے زائد رقم کی وصولی بشمول مختلف بدعنوانیوں اور نکاح نامہ میں غلط اندراجات جس کی وجہ سے میریج سرٹیفیکٹس کے حصول میں کافی مشکلات ہورہی ہیں فوری برطرف کرتے ہوئے کسی دوسرے قابل اور پابند نائب قاضی کے تقرر کا مطالبہ کیا ہے ۔اس خصوص میں نوجوانوں کے وفد نے صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد منچریال جناب محمد زبیر احمد ( منہاج ) سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی ۔ جس میں نائب قاضی کی تفصیلی بدعنوانیوں ، ظلم و زیادتی ، نکاح نامہ میں غلطیوں کی تصحیح کیلئے بھاری رقم کا مطالبہ ، نکاح فیس کی بے تحاشہ وصولی شامل ہیں ۔ صدر کمیٹی نے نوجوانوں کے وفد میں شامل شیخ معین ، محمد تاج بابا ، محمد عقیل ، ریاض احمد ، محمد نہال الدین اردو لکچر ، محمد شاکر علی ، تنہر علی ، محمد صابر کو تیقن دیا کہ وہ فوری نائب قاضی کی بدعنوانیوں کی تفصیلات سے تحریری طور پر وقف بورڈ کو واقف کروایا جائے گا اور سخت کارروائی کرتے ہوئے برطرفی کی سفارش کی جائے گی ۔ اس موقع پر اراکین انتظامی کمیٹی کے علاوہ مصلیان مسجد بھی موجود تھے ۔