نئی دہلی ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل اپوزیشن اپنا ایک اجلاس منعقد کرے گا تاکہ راجیہ سبھا کے نائب صدرنشین کیلئے متفقہ طور پر ایک مشترکہ امیدوار منتخب کیا جائے۔ ذرائع کے بموجب اس اجلاس میں قائد اپوزیشن راجیہ سبھا 16 یا 17 جولائی کو اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی کا ایک خاکہ پیش کریں گے۔ اہم مسائل میں پارٹیاں جموں و کشمیر، ہجوم کی زدوکوب کے ذریعہ ہلاکتیں، ملک کی نظم و ضبط کی صورتحال خاص طور پر جموں و کشمیر کی صورتحال، خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ، زرعی بحران اور معیشت کی ابتر صحت کے مسائل پر غور کرنے کے خواہاں ہے۔