نائب صدارتی عہدہ کیلئے 5 اگسٹ کو انتخاب عمل میں آئیگا

اعلامیہ کی 4 جولائی کو اجرائی ۔ 18 جولائی تک نامزدگیوں کا ادخال ‘ الیکشن کمیشن
نئی دہلی 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں نائب صدر جمہوریہ کا انتخاب 5 اگسٹ کو ہوگا ۔ الیکشن کمیشن نے یہ بات بتائی ۔ ارکان پارلیمنٹ نائب صدر جمہوریہ کا انتخاب کرینگے ۔ لوک سبھا میں اکثریت رکھنے والے برسر اقتدار اتحاد این ڈی اے کو آل انڈیا انا ڈی ایم کے اور بیجو جنتادل جیسی جماعتوں کی صدارتی انتخاب میں تائید حاصل ہے ۔ این ڈی اے کو نائب صدارتی عہدہ پر بھی اپنے امیدوار کو کامیاب بنانے میں آسانی ہوسکتی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے کہا کہ نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کیلئے اعلامیہ 4 جولائی کو جاری کیا جائیگا اور پرچہ نامزدگی 18 جولائی تک داخل کئے جاسکتے ہیں۔ پرچہ جات کی جانچ پڑتال 19 جولائی کو کی جائیگی اور دستبرداری کی آخری تاریخ 21 جولائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑ جائے تو پولنگ 5 اگسٹ کو ہوگی اور اسی شام میں ووٹوں کی گنتی عمل میں آئیگی ۔ نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کیلئے امیدوار کا نام کم از کم 20 ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے تجویز کیا جانا چاہئے اور 20 اس کی تائید کرنے چاہئیں۔ شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے نسیم زیدی نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی قلم دئے جائیں گے تاکہ وہ اپنی پسند کے امیدوار کے نام کے آگے نشان لگا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے کوئی وہپ جاری نہیں کیا جائیگا کیونکہ یہ انتخاب خفیہ بیالٹ پر ہوتا ہے ۔ گذشتہ سال ہریانہ میں راجیہ سبھا انتخابات کے دوران ہوئے سیاہی سے متعلق تنازعہ پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ رائے دہندوں کو خصوصی قلم ( Pen ) فراہم کریگا تاکہ وہ اپنی پسند کے امیدوار کے ناموں کے آگے نشان لگاسکیں۔ یہی قلم 17 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھی استعمال کئے جائیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ کسی دوسرے قلم سے نشان لگا کر ڈالے گئے ووٹ کو مسترد کردیا جائیگا ۔ الیکشن کمیشن کی جان سے تشکیل دئے گئے ایک پیانل نے ہی خصوصی پین فراہم کرنے کی سفارش کی تھی تاکہ مستقبل میں کسی طرح کے تنازعات سے بچا جاسکے ۔