نئے کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی نے جائزہ حاصل کرلیا

حیدرآباد 31 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج بحیثیت کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جائزہ حاصل کرلیا ۔ میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے بتایا کہ وہ شہر کو خوبصورت اور عالمی معیاری طرز کا شہر بنانے اقدامات کریں گے ۔ علاوہ ازیں مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے روبہ عمل لائی جانے والی امکنہ اسکیمات کے ذریعہ حیدرآباد میں تمام غریب عوام کو مکانات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور شہر کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی بھی ممکنہ کوشش کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تعلق سے انہیں جو تجربہ ہے اس بنیاد پر شہر حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی اور خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کی مکمل طور پر ممکنہ کوشش کریں گے ۔ جناردھن ریڈی کے آفس پہونچنے پر عہدیداران کی کثیر تعداد نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔