نئے پل پر سنسنی خیز قتل، عوام کے سامنے بہیمانہ کارروائی

حیدرآباد ۔ /28 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے مصروف ترین علاقے نئے پل میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک آٹو ڈرائیور نے سرعام اپنے ساتھی آٹو ڈرائیور کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد عوام خوفزدہ ہوگئی اور قاتل کئی گھنٹوں تک مقام واردات پر موجود رہا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ شاکر قریشی ساکن چنچل گوڑہ آج شام نیاپل برج سے سالارجنگ میوزیم کی سمت جارہا تھا کہ اسے عبدل خواجہ نامی آٹو ڈرائیور نے نیا پل آئی سی آئی سی آئی بینک کے روبرو روکا اور اس سے بحث و تکرار کی اور بعد ازاں تیز دھار چاقو سے اس کا برسرعام گلا کاٹ دیا ۔ عوام اس منظر کو دیکھنے کے بعد خوفزدہ ہوگئی جبکہ پولیس مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی تھی۔ میرچوک پولیس نے موقعہ واردات پر پہونچ کر ملزم عبدل خواجہ کو حراست میں لے لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانی مخاصمت کے نتیجہ میں یہ قتل کا واقعہ پیش آیا ۔ میرچوک پولیس نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔