اِنچیون (جنوبی کوریا)، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نئے شوٹنگ اسٹار جیتو رائے نے پہلا گولڈ میڈل فراہم کیا، شویتا چودھری نے برونز جیتا جبکہ ہندوستان نے 17 ویں ایشین گیمز میں اپنی مہم کی شروعات آج یہاں مقابلوں کے افتتاحی روز دو تمغوں کے ساتھ کی ہے۔ جہاں جیتو نے 50m پسٹل ایونٹ میں گولڈ جیت لیا، وہیں شویتا کا برونز یہاں اونگنیون شوٹنگ رینج میں 10m ایر پسٹل کامپٹیشن میں آیا لیکن تمغہ کے خواہش مندگان حینا سدھو اور ملائکا گوئل سے مایوسی ہاتھ آئی کیونکہ وہ فائنلس تک پہنچنے میں ناکام ہوگئے۔ ہندوستانی جتھہ کیلئے یہ معقول حد تک اچھا آغاز ہے جیسا کہ ایک گولڈ میڈل ان گیمز کے پہلے ہی روز حاصل ہوگیا ہے، جو اولمپکس کے بعد دوسرے سب سے بڑے مقابلے سمجھے جاتے ہیں۔ جہاں شوٹرز نے توجہ حاصل کرلی، وہیں دیگر کھیلوں کے اتھلیٹس نے اپنی مہم کہیں تلخ۔
کہیں خوشگوار انداز میں شروع کی۔ اسٹار شٹلرز سائنا نہوال اور پی وی سندھو نے اپنے متعلقہ حریفوں کو سیدھے مقابلوں میں شکست فاش دیدی جبکہ ہندوستان مکاؤ چائنا کے مقابل 3-0 کی کامیابی کے ساتھ ویمنس ٹیم ایونٹ کوارٹرفائنلس میں داخلہ حاصل کیا۔ تاہم مینس ٹیم کو ساؤتھ کوریا نے 0-3 سے بدحال کردیا۔ کے سریکانت اور کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈلسٹ پروپلی کیشپ برعکس انداز میں ہار گئے جبکہ سمیت ریڈی اور منو اٹری کی ڈبلز ٹیم بھی اچھا مظاہرہ پیش کرنے میں ناکام رہی۔ ہندوستانی ویمنس ٹینس ٹیم کی بھی کامیاب شروعات ہوئی جیسا کہ اس نے یہاں فرسٹ راؤنڈ میں عمان کو 3-0 سے شکست دی۔ پرارتھنا گلاب راؤ تھومبارے اور انکیتا رائنا نے متضاد سنگلز فتوحات حاصل کئے جس کے بعد نتاشا میری این پالہا اور رشیکا سنکارا کی جوڑی کو ڈبلز میچ میں واک اوور دیدیا گیا۔ لیکن ابتدائی مقابلوں کے اسٹار بلاشبہ آرمی کے جیتو رہے۔ 27 سالہ فوجی نے فولادی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے طاقتور مسابقت میں کامیابی پائی، جہاں انھیں دو مرتبہ کے اولمپک چمپئن جین جونگو (جنوبی کوریا) کا بھی سامنا رہا۔ جیتو نے فائنل شاٹ پر ویتنامی حریف این گیوئن ہوانگ پھوانگ کے ساتھ سیدھے مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ درحقیقت ویتنامی شوٹر کو ایک موقع پر ہندوستانی اسٹار پر سبقت حاصل ہوگئی تھی،
جنھوں نے حال میں گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ اور گراناڈا ورلڈ چمپئن شپس میں سلور جیت کر اس کامپٹیشن میں شرکت کی ہے۔ لیکن ہندوستانی شوٹر نے آخری شاٹ پر معاملہ ختم کردیا۔ جیتو نے 8.4 اسکور کئے جبکہ اُن کے حریف نے 5.8 کا ناقص مظاہرہ کیا، اور اس طرح این گیوئن کے مجموعی 183.4 کے مقابل جیتو نے 186.2 کے اسکور پر گولڈ میڈل جیت لیا۔ اس دوران اسکوائش میں ہندوستان کیلئے اپنا اولین ویمنس سنگلز میڈل یقینی ہوگیا جبکہ ٹاپ کھلاڑیوں دپیکا پالیکل اور جوشنا چنپا نے آج اپنے متعلقہ میچز جیت کر کوارٹرفائنلس میں دلچسپ مقابلہ طئے کرلیا ہے۔ والی بال میں ہندوستان کو افتتاحی مقابلے میں نسبتاً کمزور ہانگ کانگ کے مقابل جدوجہد کرنی پڑی اور وہ 3-1 سے کامیاب ہوپائے۔ ہندوستانی جوڈوکاز نے بھی مایوس کیا جبکہ 52kg زمہ میں کلپنا دیوی قازقستان کی حریف سے ہار کر برونز میڈل کے حصول سے چوک گئی۔