نئے سال کے پہلے دن پہلی مرتبہ ودربھا چمپئن

اندور، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نئے سال کی اس سے بہتر شروعات کا تصور شاید ودربھا نے بھی نہیں کیا ہوگا، لیکن اس نے 7 مرتبہ کی چمپئن دہلی کو نو وکٹ سے شکست دے کر سال2018 کے پہلے دن آج پہلی مرتبہ رانجی چمپئن بن کر تاریخ رقم کی ۔ودربھا نے رانجی ٹرافی کے 2017-18 سیزن میں حیرت انگیز فارم دکھاتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا اور10 برسوں بعد اپنے آٹھویں خطاب کی تلاش کر رہی دہلی کو دلچسپ فائنل کے چوتھے دن آج ہی شکست دے کر پہلی مرتبہ رانجی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ودربھا نے پہلی اننگز میں 547 کا بڑا اسکور بنانے کے بعد دہلی کو اس کی دوسری اننگز میں 76 اوورس میں280 پر ڈھیرکر دیا۔اس نے دہلی کی جانب 29 رنز کے معمولی ہدف کو دن کے اختتام سے کچھ اوورس پہلے حاصل کر کامیابی اپنے نام کی۔ودربھا نے پانچ اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان پر32 رنز بنایے جس میں سنجے راما سوامی نے ناٹ آؤٹ 09 اور وسیم جعفر نے ناٹ آؤٹ 17 رن بنائے ۔