ڈاکٹر مجید خان
ایک مرتبہ میں ہوائی جہاز کے سفر میں حیدرآباد آرہا تھا تو ایرلائنس کی طرف سے ان کے ایرلائنس کی تشہیر کیلئے ہر سفر میں ہراج کی ایک اسکیم چلائی جاتی تھی اور اچھی چیزیں مثلاً دھوپ کا چشمہ ، پکوان کے برتن ، جویلری وغیرہ وغیرہ آدھی قیمت پر لاٹری جیتنے والے کو ملتا ۔ میں جانتا بھی نہیں تھا کہ یہ کیا چیز ہے مگر چونکہ قیمتی چیز سستے میں مل رہی تھی اس لئے اس امید پر خرید لیا کہ بیگم صاحبہ تو ضرور واقف ہوں گی اور میرا قیاس صحیح نکلا ۔
میرے ہرمضمون میں عام لوگوں کے لئے کچھ نہ کچھ مفید معلوماتی چٹکلے ضرور ہوتے ہیں ۔
میں یہ جانتا تھا کہ گیس کا چولہا یا الکٹرک چولہا یا پھر Solar Cooker جو عام استعمال میں مقبولیت حاصل نہیں کیا تھا ۔ عام طور پر استعمال میں آتے ہیں ۔ بہرحال میرے لئے تو یہ ایک نئی دریافت تھی ۔ اس کی ہدایات پڑھنے پر پتہ چلا کہ بجلی کی بچت کیلئے یہ ایک نئی ایجاد ہے ۔ اور آپ کا بجلی کا بل خاطر خواہ کم ہوسکتا ہے ۔ یہ پڑھ کر بڑی خوشی ہوئی کہ اتفاقاً قسمت سے ایک کام کی چیزلاٹری میں سستی ملی ۔ اس کا استعمال شروع کئے ہوئے کچھ سال کا عرصہ ہورہا ہے اور گیس کی کافی بچت ہورہی ہے ۔ اس کے استعمال کے خاص برتن ہوتے ہیں اور تانبے کے برتن استعمال نہیں کرسکتے ۔ نوکر بھی اس کے عادی ہوگئے اور بہت تیزی سے پانی وغیرہ گرم ہوجاتا ہے اور بجلی کا استعمال بھی کم ہوتا ہے ۔ خیر چند سال تک بغیر کسی خرابی کے یہ کام کیا ۔ اس کے بعد یہ محسوس کیا گیا کہ چولہا ذرا سست ہوگیا ہے ۔ اس کے پیندے میں ہلکی سے دراڑ آگئی تھی اور اس کو ٹھیک کروانے کے صحیح راستے کا پتہ نہیں چل سکا ۔ چونکہ یہ ایک بڑی کارآمد چیز ثابت ہوا تھا تو ہمارے الکٹرک ، الکٹرانک ، کمپیوٹر وغیرہ کے ہر فن مولا مشیر بازار کی چھان بین کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کئے کہ Phillips بہترین کمپنی ہے ۔ ان کا انڈکشن چولہا مہنگا ضرور ہے یعنی 5000 روپیوں میں مگر قابل اعتبار ہے ۔ اسلئے وہ خرید لیا گیا ۔
اب یہاں پر دیکھئے معاملہ دلچسپ ہوجاتا ہے ۔ دوسرے دن نوکر نے یہ کہا کہ نئے چولھے میں شارٹ آرہا ہے Tester لگانے سے اس میں کرنٹ دکھارہا تھا ۔ ہم لوگ سب سے جانتے ہیں کہ کرنٹ جو نہیں آنا چاہئے تھا وہ آرہا تھا اس لئے چولھے میں کچھ خرابی ہے یا ہماری بجلی کی سپلائی کی Earthing میں ۔ مشیر صاحب کیلئے یہ ایک سنگین مسئلہ تھا اور ان کو رات بھر نیند نہیں آئی ہوگی ۔ الکٹرانک کے باضابطہ پوسٹ گریجویٹ انجینئر ہیں اور والدین کی خدمت کے لئے یہاں پر ہیں ورنہ امریکہ میں ہوتے ۔ اپنی قابلیت کی وجہ سے یہاں بھی کام کی بہتات کی وجہ سے عدیم الفرصت ہیں مگر ہم لوگوں سے ایک خاص لگاؤ ہے اور امریکہ سے بھی کمپیوٹر کے مسائل میں لوگ ان سے مسلسل ربط میں رہتے ہیں ۔
مگر ان کے لئے بھی یہ ایک معمہ ثابت ہوا ۔ عام طور پر یہ تاکید کی جاتی ہے کہ Tester اگرکرنٹ دکھائے تو کچھ نہ کچھ خرابی ہے ۔ لہذا انہوں نے کمپنی والوں سے ربط پیدا کیا اور ان کا آدمی بھی کچھ خاطر خواہ جواب نہ دے سکا اور معاملہ درجہ بہ درجہ انکے سب سے اونچے درجے کے انجینئر کو بھجوایا گیا جو ہمارے مشیر کے ہم پلہ تھے ۔ وہ بھی لاجواب تھے ۔ ہمارا یہ اصرار تھا کہ اس کو بدلا جائے ورنہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس کے استعمال میں خطرہ ہو ۔کمپنی والوں کا یہ کہنا تھا کہ اس کو استعمال کیا جاسکتا ہے ، خطرے کی کوئی بات نہیں ۔ ہم لوگ اس یقین دہانی سے مطمئن نہ تھے ۔ بہرحال یہ طے پایا کہ وہ لوگ اسکا مکمل معائنہ کرینگے اور اس کو ورکشاپ بھجوادیا گیا ۔ وہ لوگ یہ کہنے لگے کہ اس میں کوئی خرابی نہیں ہے اور اس کو بلاکسی خوف کے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ ہم نے کہا کہ اس کو نوکراستعمال کرتے ہیں اور خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوجائے تو اسکے جوابدہ ہم ہوں گے ۔ ہم نے مطالبہ کیا کہ آپ جو کہہ رہے ہیں وہ لکھ کر دیجئے ۔ جس کے لئے وہ راضی نہیں تھے ۔ کافی تگ و دو کے بعد وہ لوگ قیمت واپس کئے اور ہمارا پیچھا چھوٹ گیا ۔ اسی میں ان کو اپنی نجات نظر آئی ۔
اس کے بعد جانے پہچانے ڈیلر کے پاس گئے وہ بھی اس کے ڈیلر تھے ، جو ہم کو پہلے معلوم نہیں تھا ۔ پورا واقعہ ان کو سنائے ۔ انہوں نے نیا کوکر ہمارے سامنے رکھا ۔ ہمارے مشیر جو tester ہمیشہ اپنی جیب میں رکھتے تھے ڈرامائی انداز میں کئی لوگوں کے سامنے لگایا تو اس میں بھی کرنٹ دکھایا تو سب کے سب دنگ رہ گئے ۔ مالک دوکان بھی اس معمے کو سمجھ نہ سکا ۔ اپنے انجینئر کو بلایا جس نے ہاتھ لگا کر یہ کہا کہ دیکھئے آپ کو کوئی کرنٹ محسوس ہوتا ہے یا نہیں مگر کوئی بھی تیار نہیں تھا ۔ ڈرتے ڈرتے ننگے پیر مشیر صاحب نے ہاتھ لگایا تو سب کچھ ٹھیک تھا ۔ اس کے بعد اس نے کہا کہ یہ Induction cooker ہے ۔ Electric نہیں ۔ یہ کام کرتا ہے بجلی کی مقناطیسی طاقت سے جیسے کہ Microwave وغیرہ کرتے ہیں ۔
یہ ایک نیا تجربہ تھا ۔ ایک نیا سبق اور نئی معلومات کا اضافہ ہوا ۔ ہر روز ایک نئی چیز سیکھنے میں آتی ہے بشرطیکہ آپ کھلے ذہن کے ہوں ۔ کمپنی والوں کیلئے بھی یہ ایک سبق آموز تجربہ تھا ۔ اب وہ لوگ ہر اس چولھے کے خریدار کو پہلے ہی سے اس کے تعلق سے مطلع کردیں گے ۔ دوسرا مشاہدہ کئی بلڈ پریشر کے مریض پرانی بلڈ پریشر کی دوائیں سالہا سال استعمال کرتے ہیں اور سب سے مقبول نسخہ ہے ATEN 50 ۔ آجکل بلڈ پریشر دیکھنے کے خودکار آلے آگئے ہیں جس سے لوگ پابندی سے اپنا بلڈ پریشر دیکھتے رہتے ہیں ۔
ایک صاحب ہمارے پرانے مریض ہیں اور ہماری دوائیوں کے علاوہ Aten 50 کئی سال سے استعمال کررہے ہیں ۔ میرے پاس ہلکے سے سردرد کیلئے آئے اور جب ان کا بلڈ پریشر دیکھا گیا تو کافی بڑھا ہوا تھا ۔ ان کو اس کا اندازہ نہیںتھا اور ان کی بلڈ پریشر کی دوا بدلنا ضروری تھا ۔ تھوڑے دنوں کے بعد میں نے ان سے کہا کہ آئندہ ملاقات کے وقت وہ اپنا خود کار آلہ بھی لے آئیں تو علانیہ دونوں آلات میں فرق نظر آرہا تھا ، ایک خود کار اور دوسرا پرانی وضع والا ۔ دن رات بلڈ پریشر کم زیادہ ہوتا رہتا ہے مگر بلڈ پریشر کے مریضوں کو چاہئے کہ وقتاً فوقتاً وہ ڈاکٹر کو بھی دکھاتے رہیں کیونکہبلڈ پریشر کم کرنے کے لئے ممکن ہے ایک سے زیادہ موثر دواؤں کی ضرورت پڑتی ہے ۔
بہرحال نئے مشاہدات اور نئے تجربات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔