بارباڈوس۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے پہلا بین الاقوامی مقابلہ کھیلنے والے کھلاڑی شاداب خان کی شاندار بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں باآسانی چھ وکٹ سے شکست دے کر 4 مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ برج ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو ابتدا میں ہی اس وقت کامیابی مل گئی جب احمد شہزاد کی براہ راست تھرو پر ایون لوئس کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔مارلن سیمیولز اور چیڈوک والٹن نے چھ اوورز کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی لیکن ساتویں اوور میں عماد وسیم کی گیند پر سیمیولز ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ پہلا میچ کھیلنے والے شاداب خان نے اپنی دوسری ہی گیند پر 18 رنز بنانے والے والٹن اور پھر ایک گیند بعد لینڈل سمنز کو پویلین لوٹا کر عالمی کرکٹ میں آمد کا جشن منایا۔شاداب نے اگلے اوور کی بھی دوسری ہی گیند پر سنیل نارائن کو آؤٹ کیا تو آدھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی جبکہ حسن علی نے اگلے اوور میں روومین پاول کو آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔اس موقع پر ویسٹ انڈیز ٹیم کی تمام تر امیدیں کیرون پولارڈ سے وابستہ تھیں لیکن وہ 27 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی وکٹ بنے۔34 رنز بنانے والے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے اختتامی اوورز میں چند بہتر اسٹروکس کھیلے لیکن وہ بھی ابتدائی نقصانات کا ازالہ نہ کر سکے۔جب اننگز کی آخری گیند پر جیسن ہولڈر آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے سات رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ وہاب ریاض، عماد وسیم، سہیل تنویر اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور کامران اکمل نے پاکستان کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد احمد شہزاد پویلین لوٹ گئے۔کامران اکمل نے سیمیول بدری کو ایک چوکا اور چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کئے لیکن اگلی ہی گیند پر ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں وہ سیدھا کیچ دے بیٹھے۔محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر اپنے انتخاب سے انصاف نہ کر سکے اور ایک آسان ہدف کے تعاقب میں بھی صرف پانچ رنز بنا کر بریتھ ویٹ کی وکٹ بنے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور بابر اعظم نے بیٹنگ کو سنبھال لیا اور 46 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، بابر اعظم نے 29 رنز بنائے۔شعیب ملک نے 18ویں اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو میچ میں چھ وکٹ سے فتح دلانے کے علاوہ سیریز میں بھی 1-0 کی برتری دلا دی۔
شعیب ملک نے 38 رنز بنائے۔یہ سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان کی لگاتار پانچویں ٹی20 میچ میں فتح ہے۔اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل کی تین سال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی۔میچ میں سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیے اور یہ 2007 کے بعد واحد موقع تھا کہ کامران اکمل ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے وکٹ کیپنگ نہیں کی۔پاکستان ٹیم میں پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اسپنر شاداب خان کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا تھا جبکہ احمد شہزاد کی بھی ٹیم میں تقریباً ایک سال بعد واپسی ہوئی تھی۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں نئے کھلاڑی روومین پاؤل کو شامل کیا گیا تھا۔سرفرازاحمد نے سیریز کے افتتاحی میچ میں جیت کا سہرا بولروںکو دے دیا ۔ کپتان نے لیگ اسپنر شاداب خان کی کارکردگی کوبھی سراہا۔مقابلے کے بعد سرفرازاحمد نے کہا کہ وہ سیریز میں فاتحانہ آغاز پرخوش ہیں ، ویسٹ انڈیز کو 111 رنز پر محدود کرنے کے بعد فتح کا یقین تھا ۔ ٹوئنٹی20 کپتان نے شاداب خان کی کارکردگی کو بھی سراہا اور اٹھارہ سالہ لیگ اسپنر کو مستقبل کا اسٹار قرار دیا ۔ سرفرازاحمد نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ چیمپئن کیخلاف سیریز پاکستانی ٹیم اپنے نام کریں گے۔